شیشہ و تیشہ

نجیب احمد نجیبؔ
سب ناس…!!
اس دیش کا بھوشیہ فریب نظر میں ہے
کھاتے میں پندرہ لاکھ ؟ اگر اور مگر میں ہے
جنتا کے گھر چراغ نہیں ہے تو کیا ہوا؟
گھی کا چراغ جلتا ہوا اپنے گھر میں ہے
سب کا وکاس بول کے سب ناس کردیا
تقریر کرنے آیا تو بکواس کردیا
………………………
احمدؔ قاسمی
قرض…!!
بوجھ نیکی کا اُٹھاکر دیکھ لو
یا کسی کے کام آکر دیکھ لو
دوستی میں کس کی کتنا ظرف ہے
قرض دے کر یا دلاکر دیکھ لو
………………………
ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادقؔ
چوکیدار…!!
چوروں سے مل گیا ہے ہمارا یہ چوکیدار
چکلے لگارہا ہے ہمارا یہ چوکیدار
مخصوص طبقہ کا ہے یہ قاتل جو خون سے
ہاتھوں کو رنگ لیا ہے ہمارا یہ چوکیدار
کوئی بھی خوش نہیں ہے عجب اس کا راج ہے
ہر اک کو غم دیا ہے ہمارا یہ چوکیدار
آنے کا ایک نہ میاں جانے کے دو مگر
نوٹاں بدل رہا ہے ہمارا یہ چوکیدار
ہر اک کے بنک کھاتے میں آئینگے پندرہ لاکھ
سپنے دکھارہا ہے ہمارا یہ چوکیدار
سب کا وکاس کہہ کر ستیاناس کردیا
ہم کو رُلا رہا ہے ہمارا یہ چوکیدار
رافل کے پیچھے پڑ گیا راہول بھی دیکھ لو
پیچھا چھڑا رہا ہے ہمارا یہ چوکیدار
دنڈا اُسی کا بھینس بھی اُسکی یہ کہتا ہے
آنکھیں دکھا رہا ہے ہمارا یہ چوکیدار
بیچا تو چائے صادقؔ مگر دوسروں سے اب
بھجیے تَلا رہا ہے ہمارا یہ چوکیدار
………………………
شریف آدمی …!
پہلا : میں آپ کو شریف آدمی سمجھا تھا ؟
دوسرا : میں بھی آپ کو شریف آدمی سمجھا تھا ؟
پہلا : آپ صحیح تھے معاف کرنا مجھ سے غلطی ہوگئی…!!
………………………
بیوقوف…!!
پہلا : صرف بیوقوف ہی کسی بات کو یقینی طورپر بول سکتے ہیں ورنہ عقلمند آدمی صرف شاید یا ہوسکتا ہے بولتا ہے ۔
دوسرا : کیا آپ یہ بات یقینی طورپر بول سکتے ہیں …!؟
ٖپہلا : ہاں بالکل یقینی طورپر بول سکتا ہوں!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………
بزرگ …!!
٭ ایک شخص نے سر سید کو خط لکھا کہ ’’میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک بزرگ ہیں، جن کی لوگ تعریف کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ان کی ساری عمر قوم کی خیر خواہی اور بھلائی میں گزری، جب میری آنکھ کھلی تو مجھے یقین ہو گیا کہ وہ بزرگ آپ ہی ہیں، پس میری مشکل اگر حل ہوگی تو آپ ہی سے ہوگی‘‘۔
سرسید نے اسے جواب لکھا کہ ’’جس باب میں آپ سفارش چاہتے ہیں اسکا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور جس کو آپ نے خواب میں دیکھا تھا وہ غالباً شیطان تھا‘‘۔
ابن القمرین۔ مکتھل
………………………
پاگل کہیں کا …!
٭ ایک پاگل دوسرے پاگل سے : اگر تم نے یہ بتادیا کہ میری جھولی میں کیا ہے تو سارے انڈے تمہارے ۔ اگر تم نے یہ بتادیا کہ کتنی تعداد میں ہیں تو بارہ کے بارہ تمہارے ، اور اگر تم نے یہ بتادیا کہ یہ کس جانور کے ہیں تو مرغی بھی تمہاری ۔
دوسرا پاگل : یار کوئی اشارہ تو دو؟ کافی مشکل سوال ہے …!!
………………………
معاف کرنا !
٭ ایک مشہور پہلوان سے کسی نے پوچھا اگر آپ کی شان میں کوئی گستاخی کرے تو آپ اُسے معاف کردیں گے …؟
پہلوان : معاف کرنے والی ذات تو اللہ کی ہے ۔ ہم بس اُسے وہاں تک پہنچادیں گے…!!
سید شمس الدین مغربی۔ حیدرآباد
………………………