پاپولر میرٹھی
ہوشیار ہوجاؤ
کسی جلسے میں ایک لیڈر نے یہ اعلان فرمایا
ہمارے منتری آنے کو ہیں بیدار ہو جاؤ
یکایک فلم کا نغمہ کہیں سے گونج اُٹھا تھا
’’وطن کی آبرو خطرے میں ہے ہوشیار ہو جاؤ‘‘
………………………
فرید سحرؔ
غزل (طنز و مزاح)
(روح غالبؔ سے معذرت کے ساتھ)
چائے والے تُجھے ہُوا کیا ہے
دور بیوی سے بھاگتا کیا ہے
تجھ کو سر پر بٹھایا جنتا نے
خون جنتا کا چُوستا کیا ہے
ہے مسیحا تُو ڈاکٹر تو پھر
یہ مریضوں کو لُوٹنا کیا ہے
لُوٹ ، مار اور ستمگری کے سوا
آج اخبار میں چھپا کیا ہے
روز ہوتی ہے کِرکِری اُن سے
میری قسمت میں یہ لکھا کیا ہے
سارے اشعار ہیں مرے بوگس
شاعری میں مری رکھا کیا ہے
بھینی بھینی ہے کیسی خوشبو یہ
آج گھر میں ترے پکا کیا ہے
قوم و ملت کا درد ہے دل میں
دردِ دل کی مرے دوا کیا ہے
خود ترے گھر میں ہیں سحرؔ لفڑے
گھر میں اوروں کے جھانکتا کیا ہے
………………………
شوہر کو خوش رکھنے کے چند مفید نسخے
٭ شوہر بیوی کے لئے مجازی خدا ہوتا ہے اس لئے اس کی رضامندی کے بغیر کوئی کام مت کیجئے ۔
٭ آمدنی کو مدنظر رکھ کر اپنے آپ کو کفایت شعار بنائیے اور شوہر کا دل جیتیے…!
٭ بیوی شوہر کے لئے ڈاکٹر بھی ہے ۔ اس لئے اس کی صحت کا خاص خیال رکھیئے
٭ چھوٹی چھوٹی سی باتوں پر غصہ میں خفا ہوکر میکے جانے کی کوشش نہ کیجئے ۔
٭ شوہر کی پسند اور ناپسند کا ضرور خیال کیجئے۔
٭ اگر شوہر غصے میں ہو تو تکرار مت کیجئے ۔ غصہ اُترنے کے بعد وہ خود شرمندہ ہوجائے گا ۔
٭ اگر شوہر ناراض ہو تو منانے کی کوشش کیجئے ،اس سے محبت میں اضافہ ہوگا ۔
٭ زبان کو چھری کی طرح تیز کرکے مت رکھیے شیریں زبان سے شوہر کو گرویدہ بنائیے …!!
٭ شاپنگ کیجئے لیکن پورا شاپنگ مال مت خریدیئے …!
٭ شوہر کے کوئی رشتہ دار گھر آجائے تو خوش دلی سے مہمان نوازی کیجئے ۔
٭ ہر مہینہ کچھ نہ کچھ رقم کی بچت کی عادت ڈالیے ، بُرے اوقات میں شوہر کی اس رقم سے مدد کیجئے ۔
٭ شوہر کو ہینڈسم بنانا آپ کے ہاتھ میں ہے ، اس لئے ان کے لباس کا بھی خیال کیجئے ۔
٭ ہمیشہ شوہر کے مزاج کو دیکھ کر بات کیجئے
٭ شوہر کی ہر خوشی کا خیال رکھئے اور آپ بھی خوش رہیے ۔
سید اعجاز احمد۔ ورنگل
………………………
کل ہی تو…!
لڑکی (دوکاندار سے ) : بھائی …! ان کپڑوں کے صحیح صحیح دام لگاؤ ، ہم ہمیشہ یہیں سے خریداری کرتے ہیں …!؟
دوکاندار : کچھ تو خدا کا خوف کریں باجی ! کل ہی تو ہم نے دُوکان کھولی ہے ۔
سید شمس الدین مغربی ۔ریڈہلز
………………………
پھر کبھی …!!
٭ چاندنی رات میں لڑکا اور لڑکی بیٹھ کر بات کررہے تھے ۔ لڑکی نے لڑکے سے چاند کی فرمائش کی لڑکااُٹھ کر گیا اور پھر کبھی واپس نہیں آیا ۔
مظہر قادری۔ حیدرآباد
………………………
منیجر کہا ں ہے …!؟
٭ ہوٹل میں ایک آدمی کھانا کھارہا تھا ، کھانا بدمزہ تھا اسے غصہ آیا اور بیرے سے کہا ارے ذرا ہوٹل کے منیجر کو بُلا ۔
بیرا بولا : وہ کھانا کھانے سامنے کی ہوٹل میں گئے ہیں …!!
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………