شیشہ و تیشہ

محسن نقویؔ
دشمن …!!
آرائش مذاقِ جنوں اِس طرح کرو
گنجائشِ رفو بھی ہو دامن کے چاک میں
باھم نظر چُراکے گزرتے رہو مگر
اتنا رہے خیال کہ دشمن ہے تاک میں!
………………………
فیصلؔ وارثی
مزاحیہ غزل
لہو انساں کا پی کر سورہا ہے
مزے کی نیند مچھر سورہا ہے
لگے ہیں ڈھیر ہر سو گندگی کے
ہمارا وارڈ ممبر سورہا ہے
خبر اس کو ہے سارے ’ڈاکوؤں‘ کی
نہ سمجھو تم کہ ووٹر سورہا ہے
گنواں کر وقت سارا ’فیس بُک‘ پر
سڑھی صورت دلندر سورہا ہے
ملے گی خواب میں پریوں کی رانی
لگاکر اِسنو پاؤڈر سورہا ہے
بڑا خوش ہے بچا لایا ہے رسی
گنواں کر بیل خچر سورہا ہے
دکھاکر خواب ’بارہ فیصدی‘ کا
وہ دیکھو ’چندراشیکھر‘ سورہا ہے
سکھائیں گے سبق ہم اس کو فیصلؔ
جو ’وعدوں‘ کوبھلاکر سورہا ہے
………………………
شرائط کے ساتھ خوبصورت ، اکلوتی، لاڈلی لڑکی کیلئے رشتہ …!
٭ لڑکا ہینڈسم اور اس پر کوئی ذمہ داری نہ ہو
٭ لڑکے کو اپنے نام پر ذاتی فلیٹ رکھنا ہوگا
٭ لڑکے کی تنخواہ کے ساتھ اُوپر کی آمدنی (ملائی) بھی دیکھی جائے گی ۔
٭ ساس سُسر نہ ہو تو بھی چلے گا ۔
٭ لڑکی ہرمہینہ 15 دن میکے میں رہے گی باقی دنوں میں سسرال میں رہے گی۔
٭ لڑکی صرف بریانی ہی پکاسکتی ہے۔ روز کے پکوان کیلئے خادمہ کو رکھنا ہوگا۔
٭ شاپنگ کے لئے کریڈیٹ کارڈ فراہم کرنا ہوگا۔
٭ ہر اتوار کو تفریح اور ہوٹلنگ کرانا ہوگا۔
٭ نکاح کی تقریب میں صرف چائے پانی کا انتظام کیا جائے گا ۔
٭ جہیز کے لالچی اور عقد ثانی والے حضرات براہ کرم ربط پیدا نہ کریں۔
سید اعجاز احمد۔ ورنگل
………………………
ہم خیالی…!!
٭ میاں بیوی میں تکرار ہوگئی تو بیوی نے کہا میں اپنے مائیکے جارہی ہوں ۔
شوہر نے کہا : ’’ٹھیک ہے تم مائیکے چلی جاؤ ، میں سسرال چلا جاؤں گا اور بچوں کو اُن کے نانا نانی کے گھر بھیج دیتے ہیں ۔
محمد منیرالدین الیاس۔ مہدی پٹنم
………………………
بہت دیر کردی…!!
٭ ایک صاحب رات کو لیٹ گھر پہنچے تو بیگم نے کہا: ’’آج آپ نے بہت دیر کردی…!!‘‘
شوہر نے کہا : ’’کیا کروں کام بہت بڑھ گیا ہے …!‘‘
بیوی : ’’اچھا یہ بتائیے دفتر میں لڑکیوں کی موجودگی میں آپ مجھے بھول تو نہیں جاتے ؟
’’بالکل نہیں ڈیئر!‘‘ صاحب نے روانی میں جواب دیا : ’’تم تو ہر وقت میرے ذہن میں رہتی ہو ، کہ کہیں دفتر آ نہ جاؤ ‘‘ ۔
سید شمس الدین مغربی ۔ریڈہلز
………………………
فرمائش …!!
٭ چاندنی رات میں لڑکا اور لڑکی بیٹھے باتیں کررہے تھے کہ لڑکی نے لڑکے سے چاند لانے کی فرمائش کی ۔
لڑکا اُٹھ کر گیا اور پھر کبھی واپس نہیں آیا ۔
………………………
حقیقت …!!
٭ شوہر (بیوی سے ) : تم کہو تو تمہارے لئے چاند ستارے توڑ لاؤں ۔ بیوی : وہ بعد میں کرنا پہلے گھر کا راشن لے کر آؤ …!!
مظہر قادری ۔حیدرآباد
………………………
کچھ نہیں …!!
٭ جج نے پولیس آفیسر سے پوچھا :’’گرفتاری کے وقت ملزم نے کیا کہا تھا؟‘‘
پولیس آفیسر نے کہا :’’گالیوں کو چھوڑکر‘‘ ۔ ’’ہاں ‘‘جج نے کہا ۔
اُس نے ایک لفظ بھی نہیں کہا
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
………………………