شیشہ و تیشہ

محمد انیس فاروقی انیسؔ
جنتا ترس رہی ہے …!
موسم بغیر بارش جیسے برس رہی ہے
بیوی بھی مجھ پہ یارو ویسے برس رہی ہے
باتوں میں اُن کی میٹھی جنتا جو آگئی تھی
وہ موج کررہے ہیں جنتا ترس رہی ہے
………………………
شاہدؔ عدیلی
غزل …!
پہلا سا جوش و ولولہ مجھ میں اگر نہیں
تم بھی تو بجھتی شمع ہو برق و شرر نہیں
انکل وہ کہہ رہی ہے اسے یہ خبر نہیں
بوڑھا میں ہوگیا ہوں مگر بے ضرر نہیں
اپنی سیاہ بیوی سے شاعر نے یہ کہا
ظلمت کی تم وہ شب ہو کہ جس کی سحر نہیں
میکپ کا خرچ اس کااُٹھاتا ہوں اس لئے
میکپ بغیر دیکھ لوں تابِ نظر نہیں
ہلکی ہوئی ہے لاش، ہوا پوسٹ مارٹم
بھیجہ نہیں ہے ،گردے نہیں ، دل جگر نہیں
یوں گھور گھور کر مجھے دیکھو نہ اس طرح
دو ٹانگوں پہ کھڑا ہوں میں اک ٹانگ پر نہیں
شاہدؔ جو ہم سفر ملے سب عارضی ملے
اب تک بھی پرمننٹ کوئی ہم سفر نہیں
………………………
بیوی کو خوش رکھنے کے چند مفید نسخے
٭ سب سے پہلے بغیر لین دین کی شادی کیجئے ۔ نئی زندگی کے آغاز کے ساتھ ہی آپ کی بیوی خوش رہے گی ۔
٭ بیوی کے ساتھ کبھی کوئی بحث و تکرار ہوجائے تو کہیے کہ آپ کی ہی بات صحیح ہے ۔ جھگڑا ختم ہوجائے گا اور بیوی کا بی پی نارمل ہوجائے گا۔
٭ کبھی کبھی بیوی کی دل جوئی کے لئے تعریف کرتے رہئیے ۔ اس لئے کہ بیوی تعریف کی بھوکی رہتی ہے ۔
٭ بیوی کے ماں باپ اور سالوں کی بھی تعریف کرتے رہیے ۔ اس سے بیوی کا موڈ اچھا رہے گا ۔
٭ بیوی اگر میکے جانے کی خواہشمند ہے تو جانے دیجئے ۔ چند دنوں کی دوری محبت میں اضافہ کا باعث بنے گی ۔
سید اعجاز احمد۔ ورنگل
………………………
نیا طریقہ …!
لڑکا (لڑکی سے ) : تمہارے پاؤں بہت خوبصورت ہیں …!
لڑکی: تو پھر میں کیا کروں !؟
لڑکا : کیا ان خوبصورت پاؤں کے نیچے میرے بچوں کی جنت بن سکتی ہے …!؟
لڑکی : ہائے اﷲ ! لڑکی پٹانے کا نیا طریقہ !!
سید شمس الدین مغربی ۔ریڈہلز
………………………
شادی کی تصویر …!
شوہر : بیگم کیا دیکھ رہی ہو ، ہمیں بھی تو بتاؤ ؟
بیوی : کچھ نہیں ! بس اپنی شادی کی تصویریں دیکھ رہی ہوں ۔
شوہر : شادی کی تصویر کو دیکھ کر کیسا محسوس کررہی ہو تم ۔
بیوی نے مزاحیہ انداز میں کہا : بس ایسا ہی محسوس کررہی ہوں جیسا کہ لوگ گذرے ہوئے سال کا کیلنڈر دیکھ کر کرتے ہیں ۔
سالم جابری ۔ آرمور
………………………
میں پھاڑوں تو …!؟
لڑکا (لڑکی سے ) : یہ تمہاری قمیض کیوں پھٹی ہوئی ہے …!؟
لڑکی : یہ فیشن ہے
لڑکا : واہ ! تم خود پھاڑلو تو فیشن اور میں پھاڑوں تو پولیس اسٹیشن …!!
شعیب علی فیصل۔ محبوب نگر
………………………
موجودہ بیلنس ناکافی …!!
٭ ایک آدمی کی شادی ٹیلی کام کمپنی میں کام کرنے والی ٹیلی کالر لڑکی سے ہوگئی ۔ شادی کی رات جب شوہر گھونگھٹ اُٹھانے لگا تو لڑکی بولی گھونگھٹ اُٹھانے کیلئے ایک دبائیں ، باتیں کرنے کیلئے دو دبائیں ، منہ دکھائی کیلئے تین دبائیں ، انگوٹھی پہنانے کیلئے چار دبائیں تو شوہر غصے سے بولا اور طلاق دینے کیلئے کیا دباؤں تو لڑکی بولی : آپ کا موجودہ بیلنس اس کام کیلئے ناکافی ہے برائے مہربانی پہلے پیسے جمع کروائیں اور مزید معلومات کیلئے میری ممی سے ربط پیدا کریں ۔ مجھ سے شادی کرنے کیلئے بہت بہت شکریہ …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………