کریم نگر ضلع کلکٹر کی خصوصی توجہ کے باوجود عمارت کی عدم تکمیل لمحہ فکر
کریم نگر ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : والدین سے بچھڑ گئے یا چھوڑ دئیے گئے لاوارث بچوں کی نگہداشت کے لیے شیشو گرہا بھون کے شروع کردہ تعمیری کاموں کی جانب حکومت کی نظر کرم نہیں ہے ۔ لاوارث بچوں کی پرورش کے لیے درکار سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے قریبی اطفال گھر کی تعمیر ادھوری رہ گئی ہے ۔ ضلع میں لاوارث بچوں کی پرورش کے لیے علحدہ خصوصی کوئی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے آئی سی ڈی ایس کی نگرانی میں عمارت میں ان بچوں کو رکھا جارہا ہے ۔ ضلع مستقر پر بال سدن میں دو کمرے ہیں جس میں بچوں کو رکھا گیا ۔ لیکن ان کی صحیح طریقہ سے پرورش کے لیے سہولتیں نہیں ہیں جس کی وجہ سے کئی ایک مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بچوں کو تازہ ہوا روشنی ہو تو ان کی صحت کی برقراری ممکن ہے ۔ اس کے لیے حکومت نے بہتر سہولتوں کے لیے علحدہ خصوصی عمارت کی تعمیر کی جانے کے مقصد کے لیے بال سدن کے احاطے میں علحدہ خصوصی خالی جگہ میں تعمیری کاموں کی شروعات کرتے ہوئے عمارت تعمیر کی گئی لیکن اس میں بھی برائے نام سہولتیں ہیں ۔ پچھلے چھ ماہ سے یہ ہی صورتحال ہے ، لیکن کوئی بھی متعلقہ عہدیدار نے اس طرف توجہ نہیں دی ۔ بال سدن کے احاطے میں موجود خالی جگہ میں شیشو گرہا کی تعمیر کے لیے 13 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ سماجی بھلائی محکمہ کی جانب سے تعمیری کام شروع کیا گیا ماہ اگست سے قبل تعمیر کی گئی عمارت کے اندرون کچھ کام کے علاوہ بیت الخلاء ، سپٹیک ٹینک ، پائپ لائن کے کام ہونے ہیں ۔ ان کاموں کی تکمیل کے لیے تخمینہ رپورٹ دی گئی جس کے لیے 9 لاکھ روپئے درکار ہوں گے ۔ ضلع کلکٹر سرفراز احمد نے اس تخمینہ رپورٹ کا مطالعہ کر کے 23 ستمبر کو شیشو بھون پہنچ کر تنقیح کی بعد ازاں 4 لاکھ روپئے کی منظوری دے دی لیکن ابھی تک کام پورے نہیں ہوئے ۔ ضلع کلکٹر کی خصوصی توجہ کے باوجود کام کی تکمیل نہ ہونے پر عوام تعجب کا اظہار کررہے ہیں ۔۔