شیروں کے تحفظ کے لیے منچریال موزوں علاقہ

جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر آر وی کرنن کا خطاب

منچریال حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : (سیاست نیوز ) : منچریال ضلع میں کوال ٹائیگر زون میں جنگلی جانوروں کے تحفظ اور محفوظ جنگلاتی علاقہ میں ان کی آزادانہ نقل و حرکت کے لیے علاقہ کے دیہی عوام کا تعاون ضروری ہے ۔ یہ بات ضلع کلکٹر منچریال مسٹر آر وی کرنن نے منچریال کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں کنزرویٹر آف فاریسٹ مسٹر شراون سب کلکٹر بیلم پلی مسٹر راہول راج ضلع فاریسٹ عہدیدار مسٹر رام لنگم ، سنگارینی سری رامپور ایریا جی ایم مسٹر سبحانی منچریال اے سی پی مسٹر غوث بابا اور فاریسٹ ڈیولپمنٹ عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ 2012 میں کوال ٹائیگر ریزرو فاریسٹ کا قیام عمل میں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ شیروں اور جنگلی جانوروں کی افزائش کے لیے موزوں ہے ۔ کنزرویٹر فاریسٹ مسٹر شراون نے کہا کہ شیروں کے رہنے کے لیے یہ علاقہ نہایت موزوں ہے اور منچریال ضلع میں 44 فیصد علاقہ جنگلات سے گھرا ہوا ہے ۔ جنگلاتی علاقہ کے رقبہ میں اضافہ کے لیے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی جانوروں کے تحفظ و افزائش کے لیے اس علاقہ میں باز آبادکاری مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ آپس میں تال میل کے ذریعہ جنگلاتی جانوروں کے تحفظ و افزائش کے لیے اقدامات کریں گے اور ہر دو ماہ میں ایک مرتبہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ حکومت کو روانہ کی جائے گی ۔ اس پروگرام فاریسٹ عہدیداروں کے علاوہ ملیال ، علی نگر اور دنگا پلی کے دیہی عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔