شیخ فیاض الدین میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ کا اختتام

کھلاڑیوں میں نقد انعامات و ایوارڈس کی تقسیم

یلاریڈی۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر کے ہردلعزیز بے لوث خدمات کیلئے مشہور شخصیت جناب شیخ فیاض الدین مرحوم سابق سرپنچ و صدر تنظیم المساجد کمیٹی کی یاد میں ان کے فرزندان ، شیخ سراج الدین، شیخ غیاث الدین سابق زیڈ پی ٹی سی، شیخ مجاز الدین گتہ دار، شیخ معز الدین نے اپنے والد کے نام میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ کا انعقاد عمل میں لایا جو دو ہفتے چلا۔ اس ٹورنمنٹ میں جملہ 30 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ہفتہ کے دن فائنل میچ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر آزاد گراؤنڈ پر مسٹر سبھاش ریڈی صدر ضلع تلگودیشم پارٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف قائدین نے جناب شیخ غیاث الدین سابق زیڈ پی ٹی سی کے والد شیخ فیاض الدین مرحوم کی عوامی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے تعریف کی۔ مرحوم اپنی حیات میں بے شمار طریقہ سے عوام کی سیاسی، سماجی، مذہبی خدمات میں بھرپور ساتھ دیا ہے جس سے آج بھی حلقہ بھر میں ان کی خدمات مشہور ہیں اور آج بھی ان کی خدمات عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ اس موقع پر فائنل میچ جیتنے والی ٹیم کو نقد پانچ ہزار روپئے کا انعام اور خوبصورت کپ سے نوازا گیا۔ دوسرے نمبر پر رہی ٹیم کو نقد انعام دو ہزار روپئے دیتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ترغیبی انعامات دیئے گئے۔ اس موقع پر منڈل پریشد صدر مسٹر گنگادھر، زیڈ پی ٹی سی مسٹر سامیل، ناگی ریڈی پیٹ سابق زیڈ پی ٹی سی جئے راج، یلاریڈی سابق منڈل پریشد صدر باگیا، تلگودیشم منڈل صدر پریشد راملو، چلندھر ریڈی، چیرنجیلو، نرسملو، منڈل پریشد ارکان محمد سخاوت علی، راج شیکھر موجود تھے۔