شیخ حسین اور بی پلیا کانگریس پارٹی سے مستعفی

کڑپہ کے دونوں ارکان کونسل کی تلگودیشم میں شمولیت
کڑپہ /22 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کڑپہ کے دو ارکان کونسل شیخ حسین اور بی پلیا نے کانگریس پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرلی۔ انھوں نے حیدرآباد میں لیک ویو گیسٹ ہاؤس میں چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرکے تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرلی۔ واضح رہے کہ شیخ حسین ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے قریبی سمجھے جاتے تھے، گزشتہ دو ماہ پہلے انھوں نے کانگریس پارٹی سے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی، تاہم کل اچانک تلگودیشم میں شامل ہو گئے۔ شیخ حسین گورنر کے کوٹہ سے دو مرتبہ ایم ایل سی نامزد کئے جاچکے ہیں۔ 2005ء میں ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے شیخ حسین کو فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا چیرمین بھی بنایا تھا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ حسین نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس میں کوآرڈینیشن نہیں ہے، پارٹی اجلاسوں میں بھی نہیں بلایا جاتا۔ وہاں پر قائدین کی کوئی وقعت نہیں ہے، جسے دیکھتے ہوئے انھوں نے نئے آندھرا پردیش کی تشکیل کے لئے تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان دونوں ارکان کونسل کی تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کی وجہ سے ضلع میں تلگودیشم ارکان کونسل کی تعداد اب تین ہو گئی ہے۔ مسٹر ستیش ریڈی پہلے سے ہی تلگودیشم کے قانون ساز کونسل کے رکن رہے ہیں۔