شہید کے ساتھ بربریت کا حکومت کرارا جواب دے :کانگریس

نئی دہلی، 20ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے جموں میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فائرنگ میں شہید ہوئے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان کی لاش کے ساتھ پاکستانی فوجیوں کے بزدلانہ اور نہایت غیرانسانی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس بربریت کا سخت جواب دینا چاہئے ۔ کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے یہاں پارٹی کے ہیڈکوارٹرمیں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں کہاکہ پاکستانی فوجیوں نے شہید کی لاش کے ساتھ جو سلوک کیا ہے وہ بزدلانہ اور نہایت غیرانسانی ہے ۔ ملک کے شہید کے ساتھ ہوئے اس سلوک کا حکومت سے کرار ا جواب چاہتا ہے ۔ شہید نریندر کمار ہریانہ میں سونی پت ضلع کے کلا علاقہ کے باشندہ تھے ۔ دہشت گرد برہان وانی پر پاکستان میں ڈاک ٹکٹ جاری ہونے سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ یہ پاکستان کی اشتعال دلانے والی حرکت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی پاکستان کے تعلق سے کوئی پالیسی نہیں ہے ۔