شہید پولیس ملازم کی بیٹی کی تعلیم کا ذمہ لینے گمبھیر کا عہد

نئی دہلی ۔ 5 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے کپتان گوتم گمبھیر نے زہرا کی ہر طرح سے مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے جو اگسٹ میں شہید اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس عبدالرشید کی بیٹی ہے اور باپ کی یکایک موت کے بعد اُس کی تعلیم مسئلہ بن گئی ہے ۔ عبدالرشید کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دہشت گردوں نے گولیوں کانشانہ بنایا تھا اور بعد میں وہ اسپتال میں جانبر نہ ہوسکے۔ گمبھیر نے شہید پولیس ملازم کی بیٹی کے تعلیمی اخراجات کا ذمہ لینے کے تعلق سے اپنے عہد کا ٹوئٹر کے ذریعہ اظہار کیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ وہ بھارت کی بیٹی کی ’لائف ٹائم ایجوکیشن‘ کے معاملے میں بھرپور مدد کریں گے ۔ ’’آپ کے شہید ڈیڈی اے ایس آئی عبدالرشید کو سلام ‘‘۔ جموںو کشمیر پولیس بھی زہرا کی ممکنہ مدد کیلئے کوشاں ہیں اور متعلقہ حکام نے بتایا کہ وہ زہرا اور اس کی فیملی کے ساتھ ربط میں ہیں۔