شہید ملازمین پولیس کے خاندانوں کو ممکنہ مدد کا تیقن

کریم نگر ۔ 22 ۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہید ملازمین پولیس کے خاندانوں کی حکومت کی جانب سے ہرممکنہ مدد کی جائے گی اور ان کے تمام سائل کو حل کیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ وہ ملازمین پولیس کے یوم شہیدان کے سلسلہ میں بروز چہارشنبہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے حفاظتی انتظاماتنہ ہوں گے تو سماج میں بدامنی پیدا ہوگی ۔ پرامن ماحول کیلئے پولیس کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ ماحول پرامن ہو تو ریاست کی اور ملک کی ترقی ممکن ہے ۔ خدمات کے دوران اپنی جان کی قربانی دینے والے مہلوک ملازمین پولیس کے خاندانی افراد کو دی جارہی ایکس گریشیا کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے کانسٹبل سے ایس آئی سطح تک 40 لاکھ اور ایس آئی کو 45 لاکھ سی آئی ڈی ایس پی کی سطح سے ایس پی تک ایک کروڑ روپئے دیئے جانے کا حکومت نے حکم دیا ہے ۔ دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ ریاست محکمہ پولیس کی جانب اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ ضلع ایس پی ڈی زوئل ڈیوس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کی قربانیوں فرض شناسی کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کی وجہ سے ہی امن و امان کی صورتحال ہے ۔ تشدد پسند سرگرمیاں ختم ہوگئی ہیں ۔ملک بھر میں جاریہ سال 438 ملازمین پولیس نے امن و امان کی برقراری کے اقدامات میں اپنی جان دے دی ہے ۔ ضلع او ایس ڈی ایل سبارائیڈو نے شہید پولیس ملازمین کے نام پڑھ کر سنائے ۔ شہیدوںکے یادگار مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے عہدیداران پولیس سیاسی قائدین دیگر ضلعی عہدیداران اور شہیدوں کے افراد خاندان نے خراج عقیدت پیش کیا ۔ شہیدان پولیس ہفتہ تقاریب کے دوران منعقدہ پروگراموں میں اول دوم سوم مقام حاصل کرنے والوں کو انعامات دیئے گئے ۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی گنگولا کملا کر ، داسری منوہر ریڈی کے ودیاساگر راو ، ڈی ستیش پیٹ مدھو ضلع کلکٹر انچارج پوسومی باسو ایڈیشنل ایس پی ، بی جناردھن ریڈی اور ایس ڈی ایل سبارائیڈو کریم نگر ڈی ایس پی جے راماراو ، اے آر ڈی ایس پی ڈی کوٹیشور راو سی آئی وجے راماراو ، ہری پرساد ، سدانندم ،نریندر سرینواس ریڈی مہیش سرینواس ، آر آئی گنگادھر ، ششی دھر دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے ۔