شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کا سیاسی استحصال ٹی آر ایس پر مدھو گوڑ یشکی کا الزام

نظام آباد:9؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اقتدار کے حصول کیلئے بی جے پی ، تلگودیشم کے علاوہ ٹی آرایس مخالفین کے ساتھ مفاہمت کی ہے ان پارٹیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی کانگریس پارٹی کے نظام آباد پارلیمانی امیدوار مسٹر مدھوگوڑ یاشکی نے عوام سے اپیل کی ہے۔ آج پرچہ نامزدگی داخل کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ایک ووٹ دو ریاستوں کا نعرہ بلند کیا تھا اور تلنگانہ کی تائید کی تھی لیکن اقتدار کے حصول کیلئے تلگودیشم سے اتحاد کرتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے لہذا ان پارٹیوں کو سبق سکھانا بے حد ضروری ہے

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کو ناکام بنانے کیلئے تلگودیشم کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے ہر طرح کی کوشش کی تھی لیکن سونیا گاندھی اس مسئلہ پر سنجیدہ رہنے کی وجہ سے تلنگانہ کی تشکیل یقینی ہوسکی ۔ مدھوگوڑ یاشکی نے کہا کہ ٹی آرایس کے سربراہ چندر شیکھر رائو نے تلنگانہ کی تشکیل سے قبل کئی تیقنات دیئے تھے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد تمام افراد کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے انہوں نے ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص کو چیف منسٹر اور اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس سے انحراف کرنے کے علاوہ مخالفین تلنگانہ کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں مقابلہ کیلئے ٹکٹ بھی دیا ہے اس بات کو تلنگانہ کی عوام کبھی بھی معاف نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس نے شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تحریک کو مستحکم کردیا لیکن اس میں ان کا عمل دخل نہیں ہے تلنگانہ کے اراکین پارلیمنٹ نے تلنگانہ کے حصول کی جدوجہد میں کئی قربانیاں دی ہے

ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں ہوںگی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس نے سیماآندھرا جماعتوں میں شامل افراد جنہوں نے محبان تلنگانہ کے جذبات و احساسات کو نقصان پہنچایا تھا انہیں پارٹی میں شامل کرتے ہوئے ٹکٹ دینے پر بھی شدید تنقید کی ۔ ورنگل ضلع کے کنڈہ سریکھا ، کنڈہ مرلی اور ضلع نظام آباد میں باجی ریڈی گوردھن کو ٹکٹ دئیے جانے پر بھی شدید تنقید کی انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد منعقدہ انتخابات کانگریس کو کامیابی حاصل ہونے اور ضلع نظام آباد میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی کی قربانی رائیگاں نہیںہوںگی اور تلنگانہ ریاست میں کانگریس اقتدار حاصل کرے گی۔ اس موقع پر مدھوگوڑ کی شریک حیات ڈاکٹر سوچی اور کانگریس قائد ایم اے قدوس ، مولانا کریم الدین کمال کے علاوہ دیگر کانگریسی قائدین بھی موجود تھے۔