شہر کے کئی راشن ڈیلرس گرفتار اجناس کا ذخیرہ کرنے کا شاخسانہ ، ایس او ٹی کی کارروائی

حیدرآباد /2 ستمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم نے راشن ڈیلرس کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا کردی ہے ۔ کمشنر سائبرآباد مسٹر سی روی آنند کی خصوصی ہدایت پر ایس او ٹی راشن ڈیلرس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ ایس او ٹی نے آج پہاڑی شریف پولیس حدود میں دھاوا کرتے ہوئے 5 راشن ڈیلرس کو حراست میں لے لیا اور بڑی مقدار میں ذخیرہ کی گئی غذائی اجناس کو ضبط کرلیا ۔ ایس او ٹی نے گرفتار کئے گئے راشن ڈیلرس کے خلاف سخت کارروائی کی تیاری کرے گا ۔ ایس او ٹی کی جانب سے کئے گئے دھاوے میں 228 کنٹل چاول ، جو عوامی تقسیم کیلئے راشن ڈیلرس کو سربراہ کئے گئے تھے ۔ اس کے علاوہ 21 کنٹل شکر اور 7 کنٹل نمک کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ایک لاکھ نقد رقم کو بھی ضبط کرلیا اور اس طرح کے مزید گوداموں کے تعلق سے پولیس کی تحقیقات جاری ہے ۔ یاد رہے کہ ایس او ٹی نے کشائی گوڑہ ، ملکاجگیری و سائبرآباد کے دیگر علاقوں میں کارروائی انجام دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر غیر قانونی طور پر ذخیرہ کئے گئے غذائی اجناس کو ضبط کرلیا تھا اور راشن ڈیلرس کے خلاف کارروائی کی تھی ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایس او ٹی سائبرآباد حدود کے مزید علاقوں میں دھاوے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔