ٹی آر ایس قائدین کے ملوث ہونے پر پارٹی میں ناراضگی
حیدرآباد یکم / مارچ ( سیاست نیوز ) شہر میں پولیس کی سختی اور چوکسی کے بعد نواحی علاقے عروج پر آگئے ہیں ۔ غیر سماجی سرگرمیوں کیلئے اب شہرکے نواحی علاقوں میں واقع فارم ہاوز کو استعمال کیا جارہا ہے ۔ ڈانس پارٹی ، حقہ گانجہ ، مئے نوشی اور قمار بازی کے علاوہ عریاں رقص کی پارٹیوں کے انعقاد کے انکشافات بھی ہوچکے ہیں ۔ گذشتہ روز ایک ایسی ہی کارروائی میں اسپیشل آپریشن ٹیم نے قمار بازی کے بڑے ٹھکانے کو بے نقاب کردیا ۔ تاہم افسوس کہ گرفتار افراد کا ریاست میں برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی سے مبینہ طور پر تعلق پایا جاتا ہے ۔ یہ بات منظر عام پر آنے کے بعد حلقوں میں بے چینی پھیل گئی اور خود قائدین کے علاوہ پارٹی کے وقار کو متاثر کرنے والی حرکت قرار دیتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی قائدین نے ناراضی ظاہر کی ۔ تاہم اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ ان فارم ہاوز میں عریاں رقص بھی منعقد کیا گیا تھا اور کم عمر کی لڑکیاں رقص کرنے کیلئے لائی گئیں تھے ۔ جبکہ آج کی تازہ کارروائی میں اسپیشل آپریشن ٹیم بالانگر زون نے شاہ میرپیٹ کے علاقہ علی آباد میں ایک فارم ہاوز پر دھاوا کرتے ہوئے 28 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جو قمار بازی میں مصروف تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 لاکھ 90 ہزار روپئے ضبط کرتے ہوئے 30 سیل فون کے علاوہ ایک رینج روور کار اور تین انیوا اور ایک اسکارپیو گاڑی کو ضبط کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں فارم ہاوزوں سے گرفتار افراد میں زائد عمر والے افراد پائے جاتے ہیں ۔ سائبرآباد کمشنریٹ کی تقسیم کے بعد نو تشکیل شدہ رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں ایسی سرگرمیاں عروج پر آگئی ہے ۔ دونوں کمشنریٹ کی اسپیشل آپریشن ٹیموں کو ان علاقوں میں سرگرم کرلیا گیا ہے ۔