حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد کے جنوبی علاقہ میں جمعہ کی شب زلزلہ کا ہلکا سا جھٹکہ محسوس کیا گیا جسے ریکٹر اسکیل ( زلزلہ پیما ) پر 1.8 ریکارڈ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کی شب 10-30 بجے شہر کے مختلف علاقوں جوبلی ہلز ، ٹولی چوکی ، راجندر نگر ، پہاڑی شریف اور پرانا شہر میں زلزلہ کا معمولی جھٹکہ محسوس کیا گیا جس کے ساتھ ہی مکین اپنے مکانات سے باہر نکل آئے ایکدوسرے سے پر اسرار آواز کے بارے میں دریافت کرنے لگے ۔ اگرچیکہ معمولی زلزلہ سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا لیکن قدیم اور بوسیدہ دیواروں میں دراڑیں پیدا ہونے کی اطلاع ہے ۔ نیشنل جیوفزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز و منبع بدویل (ضلع رنگاریڈی ) کے قریب تھا ۔۔