شہر کے اُفق پر آج سرخ سیارہ مریخ کا نظارہ

کئی ہفتوںتک دلچسپ فلکیاتی مشاہدہ ممکن
حیدرآباد ۔ 30مئی ( سیاست نیوز) شہر کے اُفق پر شہریوں کو 31 مئی سے آئندہ کئی ہفتوں تک ایک نادر و دلچسپ فلکیاتی نظارہ کرنے کا موقع ملے گا جب سیارہ مریخ 11سال کے وقفہ کے بعد پہلی مرتبہ کرہ ارض سے بہت قریب یعنی 75.28 ملین کلومیٹر کے فاصلہ پر رہے گا ۔ ان دونوں سیاروں کی گردش کے دوران اقل ترین فاصلہ بالعموم 55.7 ملین کلومیٹر  اور زیادہ سے زیادہ فاصلہ 401.2 ملین کلومیٹر رہتا ہے ۔ بی ایم برلا سائنس سنٹر کے مطابق 31مئی کو رات سے جولائی تک سیارہ مریخ کو سادہ آنکھ سے دیکھا جاسکتا ہے ۔ شام کے اوقات غروب آفتاب کی مخالف سمت مشرق اور شمال مشرق کے درمیان نصف گھنٹے تک مریخ نظر آئے گا ۔ آدھی رات کے دوران یہ سرخ سیارہ دیکھنے والوں کے سرپر رہے گا ۔ صبح کے وقت مغرب اور شمال مغربی سمت اس نارنجی مائل سرخ سیارہ کا سادہ آنکھ سے بہ آسانی مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔