شہر کی کالونیوں میں حفاظتی اقدامات‘ عوام کا غیر معمولی رد عمل

حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز)شہر یوں کی حفاظت اور شہری زندگی کو محفوظ بنانے کیلئے سٹی پولیس کی جانب سے شروع کردہ مہم ’’سیف کالونی‘ پر بہترین عوامی رد عمل ظاہر ہورہا ہے ۔ اپنی کالونیوں کی خود حفاظتی کیلئے پولیس سے اشتراک اور باہمی تعاون کے سلسلہ میں سٹی پولیس نے اس مہم کا آغاز کیا ہے اور شہریوں کو حفاظتی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سٹی پولیس کے منصوبہ کے تحت شہری اپنی کالونی کی خود حفاظت کو یقینی بناسکتے ہیں اور خود اقدامات کرسکتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی نے پیغام جاری کیا تھا اور عوام سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنی کالونی کو محفوظ کالونی تشکیل دینے میں اپنا تعاون پیش کریں ۔ اس خصوص میں ایک لاکھ پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔ اور ان پمفلٹ میں سٹی پولیس نے مشورے اور ضروری ہدایات درج کروائی تھی ۔ سٹی پولیس کے سیف کالونی مہم کا ویسٹ زون کے آصف نگر ڈیویژن میں بہترین رد عمل ظاہر ہورہا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر مسٹر غوث معین الدین کا کہنا ہے کہ آصف نگر ڈیویژن میں سیف کالونی مہم کے شاندار نتائج برآمد ہورہے ہیں اور ٹولی چوکی کی مصروف کالونی الحسنات کے علاوہ تقریبا 5 کالونیوں کو سیف کالونی کی طرز پر درج کرلیا گیا ہے ۔ اے سی پی آصف نگر کا کہنا ہے کہ سیف کالونی طریقہ کار سے جرائم پر قابو پانے کے علاوہ دیگر جرائم ناخوشگوار واقعات کی روک تھام یقینی ہوگی اور پرامن و پرسکون ماحول میں کمشنر پولیس کا یہ اقدام کافی فائدہ مند ثابت ہوگا ۔ سیف کالونی مہم کے ذریعہ کالونی عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاوز آفیسر سے رابطہ قائم کریں یا پھر آپ کے سیکٹر سے تعلق رکھنے والے سب انسپکٹر سطح کے عہدیدار کو مشورہ دے کہ محفوظ کالونی کیلئے کیااقدامات کرنے چاہئے ۔ کالونی میں داخلہ اور کالونی سے باہر نکلنے کے اہم راستوں اور کالونی کا نقشہ تیار کیا جائے اور رات کے اوقات کن راستوں کو بند کرنے سے کالونی والوں کو تکلیف نہیں ہوگی اس پر مشورہ کرنے کے بعد راستوں کو رات کے اوقات بند کردینا اور ان راستوں پر سکیوریٹی گارڈ کو مقرر کرنا ‘کالونی میں روزانہ آنے والے پیپر بوائز ‘دودھ و ترکاری والے ‘پلمبر‘الیکٹریشن و دیگر افراد جو روزانہ کالونی میں جن کا آنا جانا رہتا ہے ۔ انہیں کالونی کے ذمہ دار افراد شناختی کارڈ جاری کریں۔ اس کے علاوہ سب سے اہم اپنی کالونیوں میں ضرورت کے لحاظ سے سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کروانا اور ان کیمروں کو متعلقہ پولیس اسٹیشن کے کنٹرول کمانڈ سے جوڑ دینا تا کہ ہر سی سی ٹی وی کیمرے کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا جاسکے اور 24/7 سکیوریٹی کو ممکن بنایا جاسکے ۔ کمشنر پولیس کے پیغام و ہدایت کے مطابق سیف کالونی محفوظ کالونی طریقہ کار کے مطابق اس مہم کے ذریعہ سرقہ ‘رہزنی و دیگر جرائم کے علاوہ عادی سارقین و عادی مجرمین کی نقل و حرکت پر نظر ‘شر انگیزی ‘فساد ‘فرقہ وارانہ کشیدگی اور بد امنی پھیلانیو الے افراد وایسی ہر قسم کی کوشش کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔