شہر کی ترقی میں قدم قدم پر میری نشانیاں موجود : نائیڈو

حیدرآباد کو تلگودیشم نے ہی عالمی نقشہ میں اجاگر کیا ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش کا دعوی
حیدرآباد 30 جنوری ( سیاست نیوز)  صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کے عوام میں تلگو دیشم پر کافی بھروسہ و اعتماد ہے اور اس اعتماد کے نتیجہ میں جی ایچ ایم سی انتخابات میں تلگو دیشم بی جے پی اتحاد کی کامیابی یقینی ہوگی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے سابق تلگو دیشم حکومت میں شہرکی ترقی کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مادھا پور میں ہائی ٹیک سٹی کی تعمیر سے شہر حیدرآباد میں نئی تبدیلی رونما ہوئی اور شہر حیدرآباد کو عالمی نقشہ میں اجاگر کرنے سائبر آباد کا نام بھی دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سائبر آباد میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے ممکنہ اقدامات کئے گئے جسکے ایک حصہ کے طور پر حیدرآباد میں مائیکرو سافٹ کمپنی کا قیام عمل میں آیا اور دنیا کی اہم کمپنیوں کی توجہ حیدرآباد پر مرکز ہوگئیں ۔ حیدرآباد میں سرمایہ کاری کرنے امریکہ کی متعدد کمپنیوں نے دلچسپی دکھائی ۔ نائیڈو نے کہا کہ 5000 ہزار ایکڑ اراضی پر شمس آباد میں گرین فیلڈ ایرپورٹ کے قیام کی راہ ہموار کے قیام کو یقینی بنایا گیا ۔ علاوہ ازیں شہر میں پہلی مرتبہ 18 سے زائد فلائی اوور بریجس کی تلگو دیشم حکومت میں ہی تعمیر عمل میں لائی گئی ۔ شہر حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے دریائے کرشنا سے شہر کو پانی لایا گیا اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرکے حیدرآباد کی ترقی کیلئے تلگو دیشم حکومت میں اقدامات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بدھا پورنیما پراجکٹ ، لمبنی پارک کے قیام کا اعزاز سابق تلگو دیشم حکومت کو حاصل ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے یاد دلایا کہ سابق تلگو دیشم حکومت نے کئی اصلاحات کے ساتھ معاشی و سائل میں اضافہ کیلئے کئے گئے اقدامات کے نتیجہ میں ہی آج تلنگانہ کو شہر حیدرآباد کے ذریعہ آمدنی و وسائل میں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام جہاں کہیں بھی رہیں گے تلگو دیشم وہاں رہے گی اور تلگو عوام کے ساتھ زیادتی کی صورت میں وہاں پارٹی جدوجہد کریگی ‘نا انصافیوں کو دور کرنے کے اقدامات کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں کو توسیع دی گئی ۔ ٹریفک مسائل کی یکسوئی کی گئی ۔ علاوہ ازیں تلگو دیشم حکومت نے بھی اسپورٹس اسٹیڈیمس کی تعمیر عمل میں لائی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں فرقہ وارانہ واقعات پر قابو پایا گیا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اتحاد و بھائی چارگی کو فروغ دیا گیا ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ شہر کی ترقی میں قدم قدم پر میری نشانیاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور حیدرآباد میں تلگو دیشم کا موقف طاقتور و مستحکم ہے ۔ بعض مفاد پرست قائدین نے پارٹی سے استعفیٰ دیا ہے لیکن کیڈر تلگو دیشم کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے عوام سے تلگو دیشم بی جے پی اتحادی امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔