کورٹلہ۔ 12اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر کورٹلہ کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے بروز ہفتہ گیسٹ ہاؤس میں ایک کل جماعتی میٹنگ منعقد کی گئی ۔ جس میں شہر کورٹلہ کے مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر صدر نشین بلدیہ کورٹلہ وینو گوپال نے شہر کورٹلہ کو ضلع بنانے کی مہم میں تمام طبقات، یوتھ اور عوامی نمائندوں سے تعاون کرنے کی اپیل کی ۔اور انہوں نے اپنی جانب سے ہر ممکنہ کوشش کرنے کا تیقن دیا ۔انہوں نے کہا کہ کورٹلہ کو ضلع بنانے کیلئے درکار سرکاری اراضیات کے ساتھ ساتھ جغرافیائی سہولتیں بھی دستیاب ہیں ۔جبکہ شہر کورٹلہ تلنگانہ ریاست کے تین اضلاع ، کریمنگر ، نظام آباد، عادل آباد سے مساوی فاصلہ پر واقع ہے ۔ انہوں نے کل جماعتی قائدین سے کہا کہ وہ کورٹلہ کو ضلع بنانے کے معاملے پر رکن اسمبلی کورٹلہ کلواکنٹلہ ودیا ساگر رائو،رکن پارلیمنٹ نظام آباد کلواکنٹلہ کویتاکا تعاون حاصل کرنے کی کوشش کرینگے۔کل جماعتی قائدین میں جناب محمد رفیع الدین نائب صدر نشین بلدیہ کورٹلہ ،سابقہ چیرمین و موجودہ کونسلر گنڈرا راجو،سابقہ کونسلر رودرا سرینواس،جکو لا پرساد،سی پی آئی قائدسی ایچ وشواناتم نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر کورٹلہ کو ضلع بنانے کیلئے حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے تمام طبقات کی مدد حاصل کی جائیگی۔جبکہ اس میٹنگ میں متفقہ طور پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔جس میں کمیٹی صدر کی حیثیت سے شیلم وینو گوپال،کنوینر کے طور پر سی ایچ وشواناتھم،کو کنوینر کے طور پر گڈم مدھو، واسم بھوما نندم جبکہ ممبر س کی حیثیت سے ہر پارٹی سے دو دو افراد،عوامی نمائندوںاور یوتھ سے پانچ پانچ افراد کا انتخاب عمل میں آیا ۔اس اجلاس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین چلکا گنگارام،ستاری راملو،کپتان محمد ذاکر،محمد مبین پاشاہ صدر ٹی آر یس ٹائون ،واسالہ گنیش، گنگادھرکونسلر، مظفر احمد سجو نے شرکت کی ۔دریں اثناء شہر کورٹلہ میںوبائی امراض سے دن بہ دن مریضوں کے علاوہ اموات کی تعدا د بھی بڑھتی جارہی ہے ۔ مجلس بلدیہ کورٹلہ کی جانب سے صفائی کے تعلق سے بڑے زور و شور سے تشریح کی جارہی ہے ۔ لیکن عملی طور پر صفائی کے ناقص انتظامات سے مجلس بلدیہ کورٹلہ کے تعلق سے عوام میں شدید برہمی پائی جارہی ہے ۔شہر کورٹلہ میں وبائی امراض کے اضافہ کے باوجود کئی محلہ جات میں جگہ جگہ کچرے کے انبار پڑے ہوئے ہیں ۔جبکہ مجلس بلدیہ کورٹلہ میں تقریبا 2سال کے عرصہ سے سانیٹری اینڈ فوڈ انسپکٹر کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے بل کلکٹر(راجیا ) کو انچارج سانیٹری اینڈ فوڈ انسپکٹر کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ بل کلکٹر کو سانیٹری اینڈ فوڈ انسپکٹر کی زائد ذمہ داری عائد کرنے سے وہ اپنی ذمہ داری پوری طریقہ سے ادا نہیں کر پارہے ہیں ۔ جبکہ شہر کورٹلہ کی عوام کا مطالبہ ہیکہ ضلع کلکٹراور حکومت کو چاہئے کہ وہ شہر کورٹلہ میں وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے سانیٹری اینڈ فوڈ انسپکٹر کا تقرر کریں۔