شہر و نواحی علاقوں میں سڑک حادثات،4 افراد بشمول ایک طالبہ فوت

حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک طالبہ فوت ہوگئی ۔ کنچن باغ پولیس کے مطابق 56 سالہ عبدالصمد جو پیشہ سے گلزار حوض علاقہ میں جویلری کا کاروبار کرتے تھے ۔ علاقہ عیدی بازار کے ساکن بتائے گئے ہیں ۔ یہ شخص کل رات موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور عبدالصمد شدید زخمی حالت میں فوت ہوگئے ۔ چیوڑلہ پولیس کے مطابق 45 سالہ محمد سلیم جو پیشہ سے الیکٹریشن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص محبوب کالونی کاروان علاقہ کا ساکن تھا ۔ گذشتہ روز سلیم اپنے افراد خاندان کے ہمراہ بیدر علاقہ میں درگاہ کی زیارت کے بعد واپس ہو رہا تھا کہ چیوڑلہ پولیس حدود میں ایک تیز رفتار لاری نے ان کی گاڑی کو ٹکر دے دی ۔ اس حادثہ میں متوفی سلیم بشمول ان کے افراد خاندان زخمی ہوگئے ۔ سلیم کا علاج جاری تھا جو کل عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں فوت ہوگیا۔ میڑپلی پولیس کے مطابق 18 سالہ انوشا جو پداپلی رتناپور علاقہ کے ساکن ستیش کی بیٹی تھی ۔ یہ لڑکی بی ٹیک کی طالبہ بتائی گئی ہے جو کل امتحان میں شرکت کے لئے گئی تھی اور اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر واپس ہو رہی تھی کہ میڑچل حدود میں حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں لڑکی برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ ہمایوں نگر پولیس کے مطابق 60 سالہ شخص بھوانی شنکر جو پیشہ سے ٹی وی میکانک تھا ہمایوں نگر علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص کل موٹر سائیکل پر مانصاحب ٹینک علاقہ سے گذر رہا تھا کہ ایک نامعلوم موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔