حیدرآباد /24 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں ٹپر گاڑیوں کی سرگرمیاں دن بہ دن خطرناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے ۔ بے وقت سڑکوں پر ٹریفک کے درمیان بے لگام و بے قابو رفتار کے سبب ان گاڑیوں سے جہاں شہریوں میں خوف و دہشت پائی جاتی ہے تاہم ان پر قابو پانے کے اقدامات نہ کے برابر ہیں۔ ایک ایسے ہی واقعہ میں ٹپر گاڑی نے کل رات مادھاپور کے علاقہ میں تقریباً 14 کاروں ایک واٹر ٹینکر اور ایک ریتی کی لاری کو اپنی دہشت کا شکار بنایا تاہم اس ہولناک واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلکہ کاریں مکمل تباہ ہوگئیں ۔ ان کاروں میں سفر کرنے والے اکثر اپنی رات کی ڈیوٹی پر جارہے تھے تو تقریباً افراد اپنے مکانات کو لوٹ رہے تھے جن کی سواریاں تباہ ہونے کے سبب رات دیر گئے متبادل سواری اور گھر و دفتر پہونچنے میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کی اطلاع پاکر مادھاپور ٹریفک اور سائبرآباد پولیس مقام واردات پہونچ گئے اور معاملے کو حل کرلیا ۔ تاہم پولیس ٹپر گاڑی کے ڈرائیور کو پکڑنے میں ناکام رہی جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق ٹپر جو وزنی پتھروں سے بھری ہوئی تھی اپنی روایتی بے قابو رفتار کے ساتھ نانک رام گوڑہ فینانشیل ڈسٹرکٹ کی طرف جارہی تھی ۔ اس وقت رات کے تقریباً 12 بج رہے تھے اور ویپرو جنکشن چوراہے پر لال بتی کے اشارے سے گاڑیاں رکھی ہوئی تھیں ۔ اس دوران تیز رفتار بے قابو ٹپر لاری اچانک گاڑیوں کے درمیان داخل ہوگئی اور 14 کاروں کو تباہ کردیا ۔ اس گاڑی کی زد میں ایک واٹر ٹینکر اور ایک ریتی کی لاری بھی آئی پھر بھی اس گاڑی کی رفتار میں کوئی فرق نہیں آیا جس نے ایک ڈیوائڈر سے ٹکراکر برقی پول کو ٹکر دے دی جیسے ہی ٹپر گاڑی رکی ڈرائیور فرار ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے ۔