شہر میں گرمی کی لہر ‘ درجہ حرارت 44ڈگری

تلنگانہ میں پانچ دن کے دوران مزید اضافہ ‘محکمہ موسمیات کی وارننگ

حیدرآباد ۔30 اپریل ( سیاست نیوز/این ایس ایس ) ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع اور حیدرآباد میں رواں موسم کا آج گرم ترین دن رہا ۔ شہر کے علاقہ میڈی پلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ 44.4 ڈگری سلسیس درج کیا گیا جو ایک ریکارڈ ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے آئندہ تین دن کے دوران ریاست میں شدید گرمی کی لہر کی وارننگ دی ہے ۔ ریاست کے اکثر مقامات پر آج اوسطاً 43.3 ڈگری سلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو اپریل کے دوران اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا ۔ حیدرآباد کے علاقہ میڈی پلی می ںدرجہ حرارت 44.4 ڈگری رہا ۔ شہر کے دیگر علاقوں مشیرآباد ‘ مائتری ونم ‘ بنڈلہ گوڑہ ‘ سری نگر کالونی ‘ گولکنڈہ ‘ عنبرپیٹ ‘ جوبلی ہلز ‘ منی کونڈہ ‘ مادھا پور ‘ شیر لنگم پلی میں درجہ حرارت 40تا 41 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ رطوبت 24 فیصد رہی ۔ شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ کے سبب شہریوں نے گھر میں رہنے کو ترجیح دی اور سڑکیں سنسان رہیں ۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ تلنگانہ کے اضلاع بصداری کتہ گوڑم ‘ کھمم ‘ سوریا پیٹ ‘ نلگنڈہ ‘ محبوب نگر اور ورنگل میں طوفانی ہواؤں‘ گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ ہلکی یا اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ تاہم اضلاع عادل آباد ‘ کمرم بھیم ‘ نرمل ‘ نظام آباد ‘ کاماریڈی ‘ میدک ‘ جگتیال ‘ راجنا سرسلہ ‘ پداپلی اور منچریال کے اکثر مقامات پر شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی ۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ تلنگانہ اور رائلسیما کے بعض مقامات پر گرجچمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔ ساحلی آندھراپردیش میں 3 اور 4مئی کو بارش کا امکان ہے ۔ تلنگانہ کے گھن پور اور تھماجی پیٹ محبوب نگر میں آج 3سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ عادل آباد اور نظام آباد گرم ترین مقامات رہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ اس دوران حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا ۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔