شہر میں گاؤ رکھشکوں کی غنڈہ گردی سے کشیدگی

مویشیاں منتقل کرنے والی گاڑیوں کو روک کر زد و کوب ، پولیس خاموش تماشائی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شہر کے علاقہ معظم جاہی مارکٹ پر آج رات اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب درجنوں گاؤ رکھشک نے احتجاج شروع کردیا ۔ بڑے جانوروں کو منتقل کررہی ایک گاڑی کو روک کر مبینہ مار پیٹ شروع کردی ۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ پولیس کی موجودگی اور چیک پوسٹ کے قریب یہ واقعہ پیش آیا ۔ جس کے سبب علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں کی تعداد میں احتجاجی جمع ہوگئے ۔ پولیس نے گاؤ رکھشکوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھ کر بھاری جمعیت کو طلب کرلیا اور چوراہوں پر چوکسی اختیار کرلی ۔ تاہم پولیس نے تھوڑی دیر میں حالات پر قابو پالیا اور معظم جاہی مارکٹ اور اُس کے آس پاس علاقوں میں طلایہ گردی بڑھادی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک آٹو میں دو بڑے جانور منتقل کئے جارہے تھے جو براہ معظم جاہی مارکٹ چوراہے سے گذر رہے تھے کہ اس دوران ایک جانور گاڑی سے نیچے اتر گیا ۔ اس جانور کو گاڑی میں سوار کرنے کے دوران ہجوم جمع ہوگیا ۔ حالانکہ بڑے جانوروں کو منتقل کررہی اس گاڑی کے ساتھ پولیس اسکارٹ بھی موجود تھا ، جو ہجوم کو روکنے میں ناکام ہوگیا ۔ تاہم قریب موجود پولیس چیک پوسٹ نے تشدد پر اتر آئے گاؤ رکھشکوں کی شر انگیزی کو روکنے کی کوشش کی ۔ فوری طور پر پولیس کی بھاری جمعیت کو طلب کرتے ہوئے حالات پر قابو پالیا گیا ۔ رات دیر گئے علاقہ میں حالات کشیدہ دیکھے گئے ۔شہر کے دیگر مقامات پر بھی مویشیوں کی منتقلی کو روکنے کی کوشش کی اطلاعات ہیں ۔۔
تلنگانہ میں گاؤ کشی اور تحفظ مویشیان قانون پر عمل آوری کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ گوشالہ فیڈریشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں تلنگانہ انسداد گاؤ کشی اور تحفظ مویشیان قانون 1977 پر سختی سے عمل آوری کے لیے تمام اقدامات کرے ۔ ایک بیان میں صدر تلنگانہ گوشالہ فیڈریشن مہیش اگروال نے کہا کہ تلنگانہ میں قانون کے مطابق گاؤ کشی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔۔