ٹریفک پولیس کا واٹر ٹینکر مالکین کے وفد کے ساتھ اجلاس، احتیاط برتنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ /5 مارچ (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں مہلک سڑک حادثات کی روک تھام کی غرض سے حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے واٹر ٹینکر مالکین کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک انیل کمار کی قیادت میں یہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں حیدرآباد واٹر ورکس کے علاوہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر انیل کمار نے پانی کے ٹینکرس کے مالکین سے بات چیت کے دوران کہا کہ دونوں شہروں میں پانی سربراہ کرنے کے دوران احتیاط برتیں تاکہ سڑک حادثات کو روکا جاسکے ۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں قلب شہر چیاپل روڈ عابڈس پر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا تھا جس میں تیسری جماعت کی اسکولی طالبہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے برسرموقع ہلاک ہوگئی تھی ۔ اس اجلاس میں انہوں نے کہا کہ 15 سال سے قدیم گاڑیاں جو واٹر ٹینکر کے طور پر استعمال کی جارہی ہیں انہیں شہر کی سڑکوں پر چلانے پر امتناع ہے ۔ انیل کمار نے کہا کہ 15 سال سے زائد پرانی گاڑیاں شہر کی سڑکوں پر پائے جانے پر انہیں فوری ضبط کرلیا جائے گا اور آر ٹی اے حکام کے حوالے کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ٹینکر کے مالکین اس بات کو یقینی بنالیں کہ ان کی گاڑیوں کو اسپیڈ لاک لگایا جائے تاکہ واٹر ٹینکر ڈرائیور تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی نہ چلائیں ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک نے کہا کہ واٹر ٹینکر کیلئے استعمال کی جانے والی گاڑیوں کا وقفہ وقفہ سے آر ٹی او کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں اور مالکین کو یہ چاہئیے کہ ان کے ڈرائیورس کے برتاؤ اور سابقہ ریکارڈ کا مکمل علم رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ٹینکر ڈرائیورس کو یہ لازمی ہے کہ وہ ٹریفک کے قوانین اور راہگیروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کی سڑکوں پر گاڑیاں چلائے ۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب ٹریفک پولیس ونگ ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گوشہ محل میں شہر کے تمام ٹریفک پولیس عملہ کے ساتھ شعور بیداری پروگرام بھی منعقد کریں گے ۔ انیل کمار نے اس اجلاس میں کہا کہ واٹر ٹینکر مالکین اسکول اوقات میں پانی کی سربراہی کیلئے واٹر ٹینکرس سڑکوں پر نہ بھیجیں اور شہر کے مصروف ترین اوقات میں بھی پانی کی گاڑیاں نہ چلائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ٹینکر سے سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے متعلقہ محکمہ جات سے رابطہ قائم کیا جارہا ہے ۔