حیدرآباد ۔ 2 اگست (سیاست نیوز) شہرمیں منشیات کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے پولیس نے ٹولی چوکی کے ساکنان دو بیرونی باشندوں سمیت 4 افراد بشمول ایک طالبہ کو گرفتار کرلیا۔ سٹی پولیس کمشنر مسٹر مہندر ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار نائجیریائی باشندوں کو میڈیا کے روبرو پیش کیا جو تعلیم اور تجارت کے ویزا پر ملک آئے تھے اور حیدرآباد کے علاقہ ٹولی چوکی پیراماؤنٹ کالونی میں مقیم تھے۔ سٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ 32 سالہ ای کریٹن چوکو عرف پیٹر 32 سالہ این دبوزی کینٹ جو پیراماؤنٹ کالونی میں مقیم تھے۔ نائجیریائی باشندے بتائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے 21 سالہ سائی پروین ساکن مادھا پور اور 18 سالہ نوید سری ساکن نیو بوئن پلی کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ ڈگلوز ایتھوپین جو دہلی کا ساکن ہے مفرور بتایا گیا ہے ۔کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ دو نائجیریائی باشندے ایک تعلیم اور دوسرا تجارت کے ویزا پر ملک آئے تھے، ان کی ملاقات حیدرآباد میں ہوئی اور انہوں نے دہلی کا رخ کیا اور وہاں مفرور ملزم ایتھو سے ربط قائم کیا اور کوکین کو خریدا شہر حیدرآباد میں یہ لوگ سائی پروین کی مدد سے خریداروں تک کوکین پہنچا رہے تھے۔ ویسٹ زون ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 90 گرام کوکین 2 لیاپ ٹاپ 10 سیل فون اور 9350 روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ منشیات کو شہر منتقلی اور شہر میں منشیات کو فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈی سی پی ٹاسک فورس و دیگر بھی موجود تھے۔