حیدرآباد /15 جولائی ( سیاست نیوز ) گولکنڈہ لنگر حوض اور کندکور پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ایک دیڑھ سالہ کمسن لڑکی ہلاک ہوگئی ۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق دیڑھ سالہ جگدیشوری جو سمتا کالونی ٹولی چوکی علاقہ کے ساکن مورتی کی بیٹی تھی ۔ مورتی منرل واٹر کے ایک پلانٹ میں کام کرتا تھا ۔ جگدیشوری اپنے مکان کے قریب کھیل میں مصروف تھی کہ ایک جیپ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 40 سالہ سرینواس جو ملٹری میں جاروب کشی کیا کرتا تھا کل رات سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں موٹر راں کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا اور آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ کندکور پولیس کے مطابق 34 سالہ وینکٹاچاری جو کتہ گوڑہ محبوب نگر کا ساکن تھا اپنی اسکوٹر پر 9 جولائی کے دن شہر آرہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور چاری شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔