شہر میں غیرموسمی بارش ‘ گرمی سے پریشان شہریوں کو راحت

حیدرآباد۔30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) حیدرآباد اور اس کے پڑوسی اضلاع رنگاریڈی ‘ نلگنڈہ و میدک کے کئی مقامات پر آج دوپہر اور رات کے دوران موسلادھار بارش ہوئی اور شدید گرمی سے پریشان عوام نے راحت کی سانس لی ۔ دونوں شہروں میں دوپہر اچانک غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں سڑکوں پر پانی جمعہوگیا جس سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی ۔ جی ایچ ایم سی کے مطابق دونوں شہروں کے 17منڈلوں میں صبح 8.30 بجے تا 5.00بجے شام 18.50 تا 0.25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ آصف نگر منڈل میں سب سے زیادہ یعنی 18.50ملی میٹر اور شیورام پلی میں سب سے کم 0.25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔رنگاریڈی ‘ میدک اور دیگر پڑوسی اضلاع کے چند مقامات پر دوپہر اچانک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی ہے ۔ اس غیر موسمی بارش کے سبب گرمی کی لہر میں کمی ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو بھی دونوں شہروں میں دن کے دوران مطلع ابرآلود رہے گا اور ہلکی ہواؤں کے ساتھ کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ہے ۔ جنوب ہند میں ماقبل مانسون جیسی صورتحال اور چند شمالی ریاستوں میں بارش و سیلاب کا اثر ریاست تلنگانہ کے موسمی حالات پر دیکھا جارہا ہے ۔
تلنگانہ میں مزید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔30مارچ ( سیاست نیوز) آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بشمول حیدرآباد ریاست تلنگانہ میں موسم سرد رہے گا اور بارش کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے اس کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے شمالی اضلاع عادل آباد ‘ نظام آباد ‘ کریم نگر میں بارش ہوگی ۔ ساحل آندھرا کے شمالی اضلاع وشاکھاپٹنم ‘ وجئے نگر ‘ سریکاکلم میں موسم کسی قدر سرد رہے گا جبکہ رائلسیما اور جنوبی ساحلی آندھرا میں موسم خشک رہے گا ۔