شہر میں عوام کی توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے والی ٹولیاں سرگرم

حیدرآباد /16 جولائی ( سیاست نیوز ) شہریان حیدرآباد کیلئے کوئی ہوشیار یا خبردار کی آواز دینے والا نہیں ۔ عیدین کی خریداری کے وقت اب انہیں نہ صرف چوکنا رہنے کے علاوہ خود کی حفاظت از خود کرنا ہوگا ۔ چونکہ بازاروں میں ایسے ٹولیاں سرگرم ہوگئیں جو توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے اور باتوں باتوں میں عوام کو ٹھگنے کا ماہر فن رکھتے ہیں ۔ ایسے ہی چند واقعات گذشتہ روز سے پولیس ریکارڈ میں درج ہوئے ۔ گذشتہ روز کوکٹ پلی کے علاوہ میں 8 لاکھ کا سرقہ کرلیا گیا اور آج امیرپیٹ کے علاقہ میں دو ایسے واقعات پیش آئے جہاں 5 لاکھ اور 7 لاکھ کا سرقہ کیا گیا ۔ ان واقعات میں طریقہ کار ایک جیسا ہی تھا ۔ ایسے واقعات خود پولیس کیلئے بھی تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں جو پولیس کی کارکردگی پر نہ صرف سوالیہ نشان بلکہ ان کی کارکردگی کیلئے چیالنج بن گئے ہیں ۔

پولیس کی سخت چوکسی اور غیر ضروری مستعدی کے باوجود ایسے واقعات کے رونما ہونے سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ عوام کو چاہے کچھ بھی ہو 24 گھنٹے چوکس رہنا چاہئے ۔ بازاروں میں خریداری کے وقت کسی بھی اجنبی سے گفتگو کرنے سے پرہیز کریں ۔ ایسی ٹولی کے افراد جو ایک شہری پر اپنی نظر جمع لیتے ہیں تو پہلے اسے اپنے گھیرے میں لیتے ہیں اور انجان طریقہ سے ایک اجنبی آگے بڑھ کر اس شہری سے جس کا وہ تعاقب اور گھیراؤ کرتے ہیں اس سے پتہ یا پھر وقت دریافت کرتا ہے اور اس دوران چھوٹے سے وقفہ میں شہری کا سامان غائب ہوجاتا ہے اور وہ شخص بھی نظر نہیں آتا جس نے اس سے وقت یا پھر پتہ دریافت کیا تھا ۔ سابق میں سدی عنبر بازار میں دس روپئے کی نوٹوں کے بنڈل کو پھینک کر کار سے 3 کیلو سونا سرقہ کرلیا گیا تھا ۔ ا

س طرح کل کوکٹ پلی میں بھی اس طرح دس روپئے کے نوٹ کی لالچ دیکر 8 لاکھ روپئے ہڑپ لئے گئے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ بازاروں میں خریداری کے وقت چوکس رہیں ۔ خاص کر ایسے موقعوں پر جبکہ وہ سونا ، چاندی و زیورات کی خرید و فروخت کر رہے ہوں ۔ اپنی ذاتی گاڑی کے علاوہ اگر کسی سواری کا استعمال کریں تو اسکی تفصیلات درج کرلیں اور اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ آیا ان کا کوئی تعاقب تو نہیں کر رہا ہے ۔ اس کے علاوہ بنکوں کو روزانہ جانے والے افراد کو تو چاہئے کہ وہ مزید چوکس رہیں ۔ ایسے واقعات پر پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مجرمین کو سخت سزا دیں گے تاہم مجرمین کی گرفتاری اور پھر ان کے قبضہ سے مسروقہ مال کی برآمدگی بہت مشکل ہے ۔ باوجود پولیس نے دعوی کیا ہے کہ بہت جلد ایسے ٹولیوں کو بے نقاب کیا جائے گا ۔