حیدرآباد ۔ 3نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 8 افراد بشمول دو خواتین فوت ہوگئی ۔ بیگم بازار پولیس کے مطابق 45 سالہ محمد عباس علی جو این ٹی آر نگر علاقہ کے ساکن محمد چاند کا بیٹا تھا ۔ یہ شخص آج صبح کے اولین اوقات بیگم بازار کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تیز رفتار آر ٹی سی بس کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔عباس علی اپنی موٹر سیکل پر معظم جاہی مارکیٹ سے وجئے نگر کالونی جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 34 سالہ پروینا جو بائی رامل گوڑہ علاقہ کے ساکن شحص وینومادھو کی بیوی تھی یہ خاتون ششلوکا اسکول میں ٹیچر تھی جو آج اپنی ساتھیوں سی منجولہ اور مینا کہ ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی کہ بی این ریڈی نگر علاقہ میں آٹو کی زد میں آکر حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ اور علاج کے دوران پروینا فوت ہوگئی جبکہ اس کی ساتھی سہیلیاں شدید زخمی بتائی گئی ہیں۔ راجندر پولیس کے مطابق 45 سالہ شخص بالراج جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ اپرپلی علاقہ میں رہتا تھا کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں یہ شخص فوت ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق اوٹر رنگ روڈ پر پیش آئے خوناک سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 38 سالہ شخص اندر ریڈی جو ڈی سی ایم ڈرائیور تھا اور 26 سالہ شخص سوامی جو ڈی سی ایم کاکلینر تھا دونوں ہلاک ہوگئے جن کاتعلق ونپرتی محبوب نگر سے بتایا گیا ہے ۔ یہ دونوں ڈی سی ایم گاڑی کے ساتھ حیدرآباد آرہے تھے کہ اوٹر رنگ روڈ پر سڑک کنارے ٹھہری ہوئی ایک گاڑی سے ٹکرا گئے ۔ اس حادثہ میں دونوں برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ کیرا پولیس کے مطابق 42 سالہ کنہیا جو پیشہ سے لیبر تھا گوداما کنٹہ علاقہ میں رہتا تھا۔ 27 اکتوبر کے دن یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سیکل حادثہ کاشکار ہوگئی اور وہ شدید زخمی حالت میں آج فوت ہوگیا ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 53 سالہ کانتما جو آر ایس آر نگر علاقہ کے ساکن پوچایا کی بیوی تھی ۔ یہ خاتون 27 اکتوبر کے دن اپنے مکان کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی جو علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق 42 سالہ راملو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ 2نومبر کے دن یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھاکہ مخالف سمت سے دوسری موٹر سیکل سے ٹکراکر حادثہ کا شکار ہوگیا اور یہ شخص علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔