شہر میں ایک اور ڈرگ ریاکٹ بے نقاب

دو نائیجریائی باشندے گرفتار ۔ مہاراشٹرا سے گانجا حاصل کرنے کا الزام
حیدرآباد /2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) کمشنر ٹاسک فورس نے شہر میں پھر ایک مرتبہ ڈرگس  کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو نائجیرین باشندوں کو گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ 31 سالہ اوکارو کاسمس رمسے اور 44 سالہ ابراہیم جیکب اکوہا جن کا تعلق لاگوس نائجیریا سے ہے ۔ تین سال قبل بزنس ویزا پر حیدرآباد پہونچے تھے ۔ شیخ پیٹ منی گلشن کالونی میں ایک کرایہ کا فلیٹ حاصل کرتے ہوئے یہاں کے مقامی افراد سے ربط پیدا کرکے پونے مہاراشٹرا سے گانجا اور کوکین حاصل کرتے ہوئے 1500 روپئے تا 2000 ہزار روپئے فی گرام فروخت کیا کرتے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں مذکورہ نائجیرین باشندوں نے ڈرگس کا ایک نیٹ ورک قائم کرلیا تھا جس کے ذریعہ وہ شہر میں ڈرگس کا کاروبار کر رہے تھے ۔ اطلاع ملنے پر کمشنر ٹاسک فورس نے دونوں نائجرینس کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 14 گرام کوکین 5.2 کیلو گانجا اور 21 ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرلئے ۔