شہر میں اچانک موسلا دھار بارش ‘ مولی علی کمان کا بالائی حصہ منہدم

برقی شاک لگنے سے ایک نوجوان ہلاک ۔ موسم خوشگوار ۔ درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی

حیدرآباد۔3جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں سہ پہر موسم اچانک خوشگوار ہوگیا اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے سبب مولی علی کمان کا اوپری حصہ منہدم ہوگیا اور ایس آر نگر میں برقی شاک لگنے کے سبب ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی ۔گذشتہ کئی دنوں سے شہر میں چلچلاتی دھوپ اور شدید گرمی کے بعد آج سہ پہر مطلع ابر آلود ہوگیا اور سیاہی مائل بادل سے شہر میں تاریکی کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اندرون 30منٹ اچانک شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی جس کے نتیجہ میں شہر کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوتی چلی گئیں۔ عصرت سے مغرب کے درمیان ایک گھنٹہ تک بارش کے سبب کئی علاقو ںمیں صورتحال ابتر ہوگئی لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ایمرجنسی عملہ کو فوری متحرک کرکے شہر کے ان علاقوں میں جہاں بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایت موصول ہورہی تھیں روانہ کیاجانے لگا جس کے سبب بارش کے پانی کے بہاؤ میں آسانی پیدا ہوئی ۔ موسم کی اچانک تبدیلی کو دیکھتے ہوئے کمشنر مجلس بلدیہ مسٹر دانا کشور نے ایمرجنسی عملہ کے علاوہ ڈی آرایف ٹیموں کو فوری متحرک ہونے کی ہدایت کی ۔ تیز ہواؤ ں کے ساتھ گھن گرج اور بارش کی شروعات کے ساتھ ہی مولی علی کمان کا اوپری حصہ منہدم ہوگیا جس کے بعد کمان کے راستہ کو بند کردیا گیا ۔ تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ شہر کے بیشتر علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی لیکن افطار سے قبل محکمہ برقی کی جانب سے پرانے شہر کے علاقوں میں برقی بحالی کے اقدامات کو یقینی بنایا گیا جس کے سبب تاریکی نہیں رہی ۔ جی ایچ ایم سی کی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ایل بی نگر میں ہوئی جہاں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ‘ اسی طرح رامچندر پورم ‘ کاپرا‘ پٹن چیرو میں 39اور 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔آصف نگر اور مہدی پٹنم کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔دونوں شہروں کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میںاچانک بارش کے بعد درجہ حرارت میں گراوٹ اور گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ پرانے شہر کے بازاروں کے علاوہ ٹولی چوکی اور دیگر علاقوں میں ماہ رمضان المبارک کے بازاروں میں چھوٹے تاجرین اورکاروباریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ماہ رمضان المبارک کے آخری ایام کے سبب بازاروں میں گہما گہمی ہے اور عوام کی بڑی تعداد کے سبب بارش سے کچھ دیر کیلئے کھلبلی پیدا ہوگئی ۔ایس آر نگر میں برقی شاک کے سبب ہلاک نوجوان کی شناخت شیواجی عمر 20 سال جو کہ کانسٹیبل وینکٹیش یادو کا بیٹا ہے کی حیثیت سے کی گئی۔ شیواجی جو کہ سڑک پار کرنے کے دوران برقی کھمبے کو چھونے سے جسم میں برقی رو دوڑ گئی اور یہ نوجوان برسر موقع ہلاک ہوگیا۔