حیدرآباد۔25مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شہر حیدرآباد کے بالانگر میں برقی پنکھے بنانے والی ایک کمپنی کی عمارت میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔آج صبح کی اولین ساعتوں میں میگاٹیک فین کمپنی کی تیاری کے یونٹ میں اچانک آگ لگ گئی جس میں فینس کے پرزے جل کر خاکستر ہوگئے ۔اطلاع ملتے ہی دو فائر بریگیڈس وہاں پہنچے جنہوں نے دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ سمجھی جارہی ہے ۔اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے البتہ بڑے پیمانہ پر مالی نقصان ضرور ہوا ہے جس کا تخمینہ تیار کیاجارہا ہے ۔اس واقعہ کے وقت عمارت میں کوئی بھی موجود نہیں تھا ۔
لاری میں آتشزدگی
متعدد کاریں خاکستر
حیدرآباد۔ 25مارچ (سیاست ڈاٹ کام)تلنگانہ کے شہر سکندرآباد کے بوئن پلی کے قریب کل رات دیر گئے لاری میں اچانک آگ لگ گئی۔یہ لاری ، کار کے لوڈ کے ساتھ دہلی سے حیدرآباد آ رہی تھی کہ بوئن پلی کے قریب اس میں اتفاقی طور پر آگ لگ گئی اور لاری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور لاری میں رکھی کاریں جل کر مکمل طورپر خاکستر ہوگئیں۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہلکار وہاں پہنچے اور آگ پرقابو پایا۔اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔