شہر اور مضافاتی علاقوں میں ہر گھر کو نل کنکشن

تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکز سے خصوصی پیاکیج دینے ریاستی وزراء کا مطالبہ
حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ آئندہ چار برسوں میں ریاست کے ہر گھر کو نل کا کنکشن فراہم کردیا جائیگا اور پانی کی سربراہی پائپ لائن کے ذریعہ عمل میں آئے گی۔ اس پراجکٹ پر عمل آوری کیلئے جامع ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے اوپل میں آج مختلف ترقیاتی پروگراموں کا افتتاح کیا اور اعلان کیا کہ حیدرآباد کو بین الاقوامی معیار کے شہر میں تبدیل کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ ہے اور کئی بین الاقوامی ادارے حیدرآباد کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا شمار ان قائدین میں ہوتا ہے جو ایک بار فیصلہ کرلیں تو اس سے منحرف نہیں ہوتے۔ تلنگانہ کے حصول کیلئے جس وقت جدوجہد کا آغاز کیا گیا تھا مختلف گوشوں سے تلنگانہ کی تشکیل کو ناممکن قرار دیا گیا لیکن کے سی آر نے تلنگانہ حاصل کیا اور ناممکن کو ممکن بنایا۔ اسی طرح کے سی آر ریاست کے ہر گھر کو پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے یہاں تک اعلان کردیا کہ اگر اس پراجکٹ پر عمل نہیں کیا جاسکا تو وہ آئندہ انتخابات میں عوام سے ووٹ کی اپیل نہیں کریں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر اس قدر پُرعزم اور دھن کے پکے قائد ہیں کہ انہوں نے آئندہ انتخابات میں ووٹ نہ مانگنے کا برسر عام اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مشن بگھیرتی کے تحت 40ہزار کروڑ روپئے سے اس کام کی تکمیل کی جائے گی اور ریاست کا کوئی بھی گھر نل کنکشن سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے جلسہ عام میں موجود مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ اور مقامی بی جے پی ایم ایل اے ایم وی ایس پربھاکر سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کیلئے خصوصی پیکیج کے اعلان کا وزیر اعظم پر دباؤ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بہار اور جموں کشمیر کیلئے وزیر اعظم نے خصوصی پیاکیج کا اعلان کیا اسی طرح تلنگانہ کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے کا پیکیج دیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صرف مخصوص ریاستوں کیلئے نہیں بلکہ وہ تمام 29 ریاستوں کے وزیراعظم ہیں۔ نو قائم شدہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے انہیں خصوصی پیاکیج کا اعلان کرنا چاہیئے۔ مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ سے کے ٹی آر نے خواہش کی کہ وہ اس سلسلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے نمائندگی کریں۔ کے ٹی آر نے شہر کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں شروع کئے گئے مختلف پراجکٹس کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غریب خاندان ڈبل بیڈروم مکان سے محروم نہیں رہے گا۔ وزیر کمرشیل ٹیکسس سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس حکومت پابند عہد ہے اور تلنگانہ ریاست ترقی کے شعبہ میں بہت جلد ملک کی دیگر ریاستوں میں سرفہرست رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں ہر گھر کو پانی کا کنکشن فراہم کیا جائے گا اور مشن بگھیرتی پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دلت، گریجن، اقلیتوں اور خواتین کی ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو ترقیاتی کاموں میں حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے بجائے اس کے کہ تنقیدوں کے ذریعہ ترقی میں رکاوٹ پیدا کریں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات کے سبب گریٹرحیدرآباد کے انتخابات میں  ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔