شہری حکمرانی میں بہتری لانے کی ضرورت

نئی دہلی 21 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے شہری حکمرانی میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور انہوں نے شہری حکمرانی کو ڈیجیٹل انڈیا مشن اور سوچھ بھارت مہم سے مربوط بھی کیا ہے ۔ شہری ترقیات پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام پروگراموں پر ریاستی حکومت سے مشاورت اور تعاون کے ذریعہ عمل آوری کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ پروگرام خانگی ۔ عوامی شراکت داری پر مشتمل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری حکمرانی کو آئی اے ایس عہدیداروں کی تربیت کا حصہ بنایا جانا چاہئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارت شہری ترقیات کیلئے شہری حکمرانی کو بہتر بنانے پر ہی اصل توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے شہری ترقیات کے مسائل پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ دفتر وزیر اعظم سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا مشن اور اربن رینیول مشن کے مابین بھی مکمل تعاون کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن میں موبائیل گورننس ‘ ای گورننس ‘ ویسٹ مینجمنٹ وغیرہ کو شامل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر تفصیلی غور و خوض کی بھی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ کے کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ کام سارے ہندوستان کے 500 شہروں میں کیا جائے ۔ اس کے نتیجہ میں فارمنگ اور خاص طور پر ترکاریوں کی کاشت میں مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے قریبی علاقوں میں اس طرح کی سرگرمیوں میں اضافہ اہمیت کا حامل ہوسکتا ہے اور صحت و سیاحت میں بھی اس سے مدد مل سکتی ہے ۔