شہریوں میں اعتماد کی بحالی کیلئے پولیس کا فلیگ مارچ جاری

حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہریوں میں اعتماد بحال کرنے اور رائے دہی میں بے خوف ہوکر حصہ لینے کے لئے پولیس کی طرف سے فلیگ مارچ کیا جارہا ہے۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی۔ اُنھوں نے آج یہاں پہاڑی شریف کے علاقہ جل پلی سے 5 کیلو میٹر طویل فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔ اِس موقع پر جوائنٹ کمشنر رچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو و دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ جن علاقوں کی انتہائی حساس کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے اُن علاقوں میں فلیگ مارچ کیا جارہا ہے۔ آج کا فلیگ مارچ جل پلی سے شروع کرتے ہوئے شاہین نگر، ایرہ کنٹہ اور بابا نگر کا احاطہ کیا گیا۔ اِس میں تقریباً ایک ہزار پولیس ملازمین موجود تھے۔ جن میں رچہ کنڈہ پولیس کے علاوہ مرکزی نیم فوجی دستے، سی آر پی ایف، ریاپڈ ایکشن فورس اور ریلوے پروٹیکشن فورس بھی شامل ہوئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ماضی کے تجربات اور موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ کوئی بھی عناصر شہریوں کو دباؤ میں لاکر رائے دہی پر مجبور نہ کرسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک کے بعد دیگر مولا علی و دیگر علاقوں کو بھی فلیگ مارچ کئے جائیں گے۔ انتخابات کے پیش نظر تاحال 1300 روڈی شیٹرس، غیر سماجی عناصر کو پابند کردیا گیا ہے اور تاحال 650 افراد نے اپنے لائسنس یافتہ ہتھیار جمع کروادیئے ہیں۔