شہریت پر وزارت داخلہ کی نوٹس کی وضاحت ضروری

راہول گاندھی لندن والے ہیں یا لوٹینس والے،بی جے پی کا سوال
نئی دہلی۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کو ’اسرار سے بھرپور شخص‘ قرار دیتے ہوئے بی جے پی نے صدر کانگریس کو وزارتِ داخلہ کی طرف سے ان کی شہریت کے موقف کے بارے میں جاری کردہ نوٹس پر سوال کیا ہے۔ اس نوٹس میں دریافت کیا گیا ہے کہ آیا ’راہول گاندھی لندن والے ہیں یا لوٹینس والے ہیں‘۔ کانگریس کے صدر پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ راہول گاندھی کی شہریت کا سارا معاملہ انگریزی زبان کے حرف ‘C’ سے شروع ہونے والے تین الفاظ سٹیزن شپ (شہریت)، کنفویژن (الجھن)، کلاریفکیشن (وضاحت) پر مبنی ہیں۔ وزارت داخلہ نے راہول گاندھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے اندرون 15دن اس ضمن میں وضاحت کی خواہش کی ہے۔ بی جے پی کے ترجمان سندیپ پاترا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کی شہریت کے بارے میں چند سوالات ہیں اور کہا کہ اگر آپ کوئی الجھن پیدا کرتے ہیں تو آپ کو اس کی وضاحت بھی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوالات مستند دستاویزات پر مبنی ہیں۔ پاترا نے کہا کہ خود راہول گاندھی اور الجھن ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم معلوم ہوتے ہیں اور اب وہ پراسرار شخص بن گئے ہیں اور ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اس میں صحیح کیا ہے کہ آیا راہول گاندھی لندن والے ہیں یا لوٹینس والے ۔