گوہاٹی ۔ 10 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) آر ایل ایس پی کے صدر اوپیندر کشواہا کے این ڈی اے سے ترک تعلق کے ایک دن بعد آسام گن پریشد ( اے جی پی ) نے دھمکی دی ہے کہ وہ بی جے پی زیرقیادت اتحاد سے آسام میں ترک تعلق کرلے گی اگر شہریت (ترمیمی بل 2016 ء ) پارلیمنٹ میں منظور کرلیا جائے ۔ اے جی پی کے صدر اتل بورا نے صدر بی جے پی امیت شاہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کے سامنے کوئی متبادل راستہ نہیں رہ جائے گا اور وہ موجودہ اتحاد سے ترمیمی بل منظور ہونے کی صورت میں علحدگی اختیار کرے گی ۔ یہ مکتوب جس کی نقول ایک پریس کانفرنس میں بورا نے اخبارات کو فراہم کی اور کہا کہ اے جی پی پوری طرح ریاست میں شہریت بل پر عمل آوری کی مخالف ہے اور معاہدہ سے ترک تعلق کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم آپ کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ اگر ترمیمی بل پارلیمنٹ میں منظور کرلیا جائے تو آسام معاہدہ کی خلاف ورزی ہوگی اور وہ ترک تعلق کرے گی ۔