شہریار خان پی سی بی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب

اسلام آباد، 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) شہریار خان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق شہریار خان نے ہی پی سی بی چیئرمین کے عہدے کیلئے کاغذات جمع کرائے تھے، لہٰذا وہ بلا مقابلہ اس عہدے کیلئے منتخب ہو گئے ہیں۔ تقرری کا باضابطہ اعلان آج کیا گیا ہے۔ جبکہ 18 اگسٹ کو پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں شہریار خان اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کر دیں گے۔ شہریار خان اس سے قبل 2003 ء میں جنرل توقیر ضیاء کے استعفے کے بعد پی سی بی کے چیئرمین مقرر کیے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تقرری سے پی سی بی میں پائی جانے والی افراتفری اور بیجا بیان بازی بھی بند ہو جائے گی۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں شہریار خان کے خاندانی مراسم کی وجہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستانی اور انڈین کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات میں بھی بہتری آئے گی جس کے بعد پاکستان ہندوستان کی کرکٹ کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔