شہباز شریف کے فرزند حمزہ کو طیارہ سے اتار دیا گیا

لاہور ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے سربراہ شہباز شریف کے فرزند اور پنجاب اسمبلی میں قائد اپوزیشن حمزہ شہباز کو منگل کے روز دوحہ جانے والے ایک طیارہ سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (FIA) کے عہدیداروں نے اتار دیا۔ حمزہ، سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے بھتیجے ہیں۔ وہ لندن براہ دوحہ جانے والے ایک طیارہ میں سوار ہونے لاہور ایرپورٹ پہنچے تھے۔ شریف خاندان کے ایک ترجمان عطاء اللہ ترار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حمزہ لندن میں مقیم اپنے بھائی سلمان سے ملاقات کیلئے جارہے تھے۔ امیگریشن کاؤنٹر پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ایک عہدیدار نے انہیں بتایا کہ ان کا نام (حمزہ) بلیک لسٹ میں شامل ہے اور بعدازاں یہ بھی بتایا کہ ان کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ہے جس کے تحت کوئی بھی شخص بیرون ملک کا سفر نہیں کرسکتا۔ یاد رہیکہ پاکستان قومی احتسابی بیوریو حمزہ اور سلمان کے خلاف معلوم ذرائع سے زائد آمدنی اور حکومت کے فنڈس کا بیجا استعمال جیسے دو معاملات کی تحقیقات کررہی ہے۔