شہباز شریف کی اہلیہ دو دختران کی احتساب بیورو میں طلبی

لاہور 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے اعلی ترین انسداد کرپشن ادارہ نے آج اصل اپوزیشن پاکستان مسلم لیگ نواز کے سربراہ شہباز شریف کی اہلیہ اور دو دختران کو تجارتی معاملتوں کی پوچھ تاچھ کے سلسلہ میں طلب کیا ہے ۔ ایک میڈیا رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ شہباز کی شریک حیات کو قومی احتساب بیورو نے 17 اپریل کو اور ان کی دو دختران رابعہ شریف اور جویریہ شریف کو 18 اور 19 اپریل کو طلب کیا ہے ۔ جیو ٹی وی نے یہ اطلاع دی اور احتساب بیورو کے ذرائع کا حوالہ دیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ شہباز شریف کی اہلیہ اور دختران کو تجارتی معاملتوں کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گیا ہے ۔ شہباز کے فرزند حمزہ کو بھی سرکاری فنڈز سے ایک نالہ کی تعمیر کے مقدمہ میں 15 اپریل کو طلب کیا گیا ہے ۔ حمزہ پنجاب اسمبلی میں قائد اپوزیشن ہیں۔ انہیں معلنہ ذرائع آمدنی سے زیادہ اثاثہ جات رکھنے کے مقدمہ میں 16 اپریل کو بھی طلب کیا گیا ہے ۔ احتساب بیورو کی ایک عدالت نے منگل کو شہباز شریف کو بحیثیت چیف منسٹر پنجاب عہدہ کے غلط استعمال کے مقدمہ میں ماخوذ بھی کیا ہے۔