شہباز احمد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے سکریٹری مقرر

کراچی، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپین شہباز احمد کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا سکریٹری مقرر کردیا گیا ہے۔ ان کا انتخاب رانا مجاہد کے سکریٹری کے عہدہ سے استعفے کے بعد عمل میں آیا ہے۔ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالد کھوکھر کو گزشتہ ہفتے اختر رسول کی جگہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر مقرر کیا جا چکا ہے۔ رانا مجاہد دو سال قبل پی ایچ ایف کے سکریٹری بنے تھے لیکن ٹیم کی انتہائی مایوس کن کارکردگی اور فیڈریشن میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سبب انھیں سخت تنقید کا سامنا رہا۔ رانا مجاہد پر پاکستان اولمپک اسوسی ایشن نے اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں متوازی اولمپک اسوسی ایشن بنانے میں پیش پیش رہنے پر دس سال تک کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ شہباز احمد جو ہاکی کے حلقوں میں شہباز سینئر کے نام سے جانے جاتے ہیں دنیائے ہاکی کے چند بہترین فارورڈز میں شمار ہوتے ہیں۔