شکیب کی عدم موجودگی کے باوجود بنگلہ دیش آسان نہیں : کارتک

میرپور ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیسٹمین دنیش کارتک سمجھتے ہیں کہ میزبان بنگلہ دیش میں آل راونڈر شکیب الحسن اور اوپنر تمیم اقبال کی عدم موجودگی کے بعد میزبان ٹیم کو آسان حریف تصور کرنا احمقانہ فیصلہ ہوگا۔ تمیم اقبال گردن میں تکلیف کے باعث اور شکیل الحسن پابندی کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف مقابلہ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے لیکن کارتک نے یہاں شیربنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں نیٹ پراکٹس کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش ونڈے کی ایک شاندار ٹیم ہے

جس نے حالیہ منعقدہ سیریز میں سری لنکا کے خلاف چند قریبی مقابلے کھیلے ہیں اور ہر کوئی یہ جانتا ہیکہ بنگلہ دیش ونڈے کی ایک بہترین ٹیم ہے۔ اتفاق سے گذشتہ ایشیاء کپ میں ہندوستان کو ٹورنمنٹ سے باہر بنگلہ دیش نے ہی کیا تھا جیسا کہ میزبان ٹیم نے 290 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ کارتک کے بموجب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں 3-0 کی کامیابی کے علاوہ سری لنکا کے خلاف بھی منعقدہ سیریز میں بنگلہ دیش کے مظاہرے قابل ستائش ہی رہے لہٰذا میزبان ٹیم کو آسان حریف تصور نہیں کیا جانا چاہئے۔