شکیب کا آل راونڈ مظاہرہ ، بنگلہ دیش کو 266 رنز کی سبقت

ڈھاکہ ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آل راونڈر شکیب الحسن نے شاندار سنچری کے بعد 5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف یہاں رواں دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن ٹیم کو 266 رنز کی مجموعی سبقت دلوانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ چوتھے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو میزبان بنگلہ دیش نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر شکیب الحسن نے 80 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور زمبابوے جس نے آج کھیل کا آغاز 331/5 سے کیا تھا لیکن وہ 368 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس طرح میزبان ٹیم کو 65 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔ شکیب جنہوں نے پہلی اننگز میں 135 رنز اسکور کئے ہیں وہ دنیا کے ایسے پانچویں کھلاڑی بن گئی ہیں جنہوں نے ٹسٹ میں ایک سے زائد مرتبہ سنچری اور 5 وکٹیں حاصل کی ہو۔ انگلینڈ کے این بوتھم کو 5 مرتبہ یہ ریکارڈ بنانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے گیری سوبرس، پاکستان کے مشتاق محمد اور جنوبی افریقہ کے جیک کیالیس 2 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ قبل ازیں شکیب الحسن نے پاکستان کے خلاف ڈھاکہ ٹسٹ میں 144 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 83 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں محموداللہ نے ناقابل تسخیر 63 اور مومن الحق نے 54 رنز اسکور کئے ہیں۔ مومن الحق 21 اننگز میں ہزار رنز اسکور کرتے ہوئے تمیم اقبال کے 29 اننگز میں انجام دیئے جانے والے ریکارڈ کو توڑ دیا۔