ڈھاکہ۔31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم نے کہا کہ میرے پاس ایسے الفاظ نہیں کہ اپنی مسرت اور خوشی ظاہر کر سکوں۔ ہماری ٹیم نے کمال کردیا اور خاص طور پر شکیب الحسن اور تمیم اقبال کی کارکردگی ہر لحاظ سے نمایاں رہی۔مشفق کے مطابق گھریلو میدان پر اچھے کھیل کا تسلسل برقرار ر کھا۔ پوری کوشش ہو گی کہ دوسر ے ٹسٹ میں جو 4 ستمبر سے چٹاگانگ میں شروع ہو گا اس میں بھی یہ کامیابی کا یہ سلسلہ آگے بڑھے۔ اس وکٹ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا جبکہ مجھے وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے بھی سخت مشکل کا سامنا رہا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو ابھی بہت سی خامیوں سے پیچھا چھڑانے کی ضرورت ہے اور جب تک کھیل کے تینوں شعبوں میں یکساں اور بہتر کارکردگی نہیں دکھائی جاتی تسلسل سے فتوحات کا حصول مشکل رہے گا۔
بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے لئے انعامات
ڈھاکہ۔31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹسٹ میں تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں کیلئے انعامات کا اعلان کردیا۔ بی سی بی صدر نظم الحسن کے مطابق کھلاڑیوں کو دو کروڑ ٹکا دیئے جائیں گے جبکہ کوچنگ عملہ بھی انعامی رقم سے اپنا حصہ وصول کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں سیمی فائنل تک رسائی پر آئی سی سی سے ساڑھے تین کروڑ ٹکا مل گئے ہیں جو ٹیم میں تقسیم کئے جائیں گے۔