شکیب الحسن پر چھ ماہ کی پابندی

ڈھاکہ۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) قواعد کی خلاف ورزی اور جارحانہ برتاؤ اختیار کرنے پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) نے آل راؤنڈر شکیب الحسن پر چھ ماہ کی پابندی عائد کردی ہے جس کی وجہ سے وہ بین الاقوامی اور قومی سطح پر کسی بھی قسم کے کرکٹ مقابلے یا سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے ۔ بی سی بی کے صدر نجم الحسن نے میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ شکیب کا برتاؤ کافی جارحانہ ہوچکا ہے جس کی مثال بنگلہ دیش کرکٹ کی تاریخ میں نہیں ملتی اور ان کے برتاؤ کی وجہ سے ٹیم پر بھی اثر پڑ رہا ہے لہذا ہم نے ان پر چھ ماہ کی پابندی عائد کردی ہے ۔ یہ پابندی شکیب الحسن کی جانب سے کریبین پریمیر لیگ میں بغیر اجازت شرکت کے لئے ملک سے روانہ ہونے اور واپس طلب کرنے پر بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کی دھمکی پر عائد کی گئی ہے ۔