دبئی ۔24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے شکیب الحسن آئی سی سی کی تازہ ٹی ٹونٹی درجہ بندی میں دنیا کے نمبر ایک آل راؤنڈر بن گئے اور انہوں نے آسٹریلیائی آل راؤنڈر گلین میکس ویل سے پہلا مقام چھین کر ونڈے کے بعد ٹی ٹونٹی میں بھی بہترین آل راؤنڈر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ سمیع آشنواری آل راؤنڈرز میں ٹاپ ٹین میں شامل ہونے والے محمد نبی کے بعد دوسرے افغان کھلاڑی بن گئے۔بیٹسمینوں میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی پہلے اور ارون فنچ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئے جبکہ میکس ویل دو درجے تنزلی کا شکار ہو کر تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے۔ بولرروں میں عمران طاہر پہلے ، بمراہ دوسرے ، بدری تیسرے ، عماد وسیم چوتھے اور راشد خان پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن نے میکس ویل سے پہلا مقام چھین لیا جبکہ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز تنزلی کے بعد ٹاپ10 سے باہر ہو گئے ہیں۔