شکست کے تمام کھلاڑی ذمہ دار:انضمام

لاہور۔10 ڈسبمر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ یہی کارکردگی رہی تو ٹیم میں تبدیلیاں ہونگی، غلطیاں دہرا کر معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے، سب کو اب جنوبی افریقہ میں بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے ٹسٹ سیریز میں شکست کا ذمہ دار صرف کپتان نہیں بلکہ تمام کھلاڑی ہیں، سب کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا ورنہ اب جو مظاہرہ نہیں کرے گا وہ گھر جائیگا۔ انہوں نے واضح کر دیا کہ یہی کارکردگی رہی تو ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی، ایک سال سے لوور آرڈر کے کھلاڑی مسابقتی کھیل پیش نہیں کر رہے جس کا ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ ٹاپ آرڈر کے ساتھ اب ٹیل اینڈرز کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھنی ہو گی، سب کو اب جنوبی افریقہ میں بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔ چیف سلیکٹر کے بموجب نیوزی لینڈ کیخلاف تینوں میچز میں پاکستانی ٹیم کا موقف مضبوط تھا لیکن پلیئرز چوتھی اننگز کا دباؤ برداشت کرنے میں ناکام رہے حالانکہ بین الاقوامی کرکٹ دباؤ برداشت کرنے کا ہی دوسرا نام ہے۔ کھلاڑیوں کو زخمی ہونے سے بچانے کیلئے روٹیشن پالیسی متعارف کروائی گئی ہے کیونکہ یکے بعد دیگرے سیریز کے انعقاد کے سبب انہیں زخمی ہونے کے خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شاداب خان اور فخر زمان کو زخموں کے خدشات سے بچانے کیلئے پاکستان واپس بلا کر آرام کا موقع دیا گیا جو مکمل فٹ ہو چکے جبکہ محمد عباس بھی اب واپسی کیلئے تیار ہیں جو زخمی نہیں تھے بلکہ انہیں احتیاط کرتے ہوئے آرام کا موقع دیا گیا اور ممکن ہے کہ بعض دوسرے پلیئرز کو بھی آرام کرانا پڑے۔ انضمام الحق کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے ایک متوازن ٹیم منتخب کی کیونکہ سخت حالات کے سبب وہاں کھیلنا پاکستان کیلئے کبھی آسان نہیں رہا لیکن سرفراز احمد کو اب تمام خامیاں دور کر کے نئے سرے سے کھیلنا ہوگا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف کی جانیوالی غلطیوں کو دہرایا گیا تو مسائل ختم نہیں ہونگے۔ حالیہ سیزن کے دوران عابد علی، محمد رضوان اور دیگر پلیئرز کی کارکردگی اچھی رہی لیکن محمد رضوان کا انتخاب اس لئے کیلئے کیا کہ وہ وکٹ کیپنگ کے علاوہ ضرورت کے وقت بطور بیٹسمین بھی کھیل سکتے ہیں۔