شکست کے باوجود امریکہ کی پیشقدمی، کامیابی کے بعد پرتگال باہر

براسیلا ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں رواں ورلڈ کپ 2014 کے گروپ جی میں پہلے راؤنڈ کے آخری مقابلوں میں امریکہ کی ٹیم جرمنی سے شکست کے باوجود ناک آوٹ مرحلہ میں رسائی حاصل کرلیجبکہ پرتگال کی ٹیم گھانا کو شکست دینے کے باوجود ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی ہے۔جرمنی اور امریکہ کا میچ شدید بارش میں کھیلا گیا اور جرمنی نے یہ میچ ایک گول سے اپنے نام کرتے ہوئے ٹورنمنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے دونوں ٹیموں کا یہ میچ برابر کرنا ہی کافی تھا اور پہلے ہاف میں بظاہر یہی لگتا تھا کہ دونوں ٹیمیں یہی ذہن بنا چکی ہے۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں

لیکن دوسرے ہاف میں جرمنی کی ٹیم زیادہ مثبت انداز میں میدان میں اتری اور 55 ویں منٹ میں تھامس ملر کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔یہ ملر کا اس ورلڈکپ میں چوتھا اور ان مقابلوں میں مجموعی طور پر نواں گول تھا۔ اب وہ میسی اور نیمار کے ہمراہ گولڈن بوٹ کے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔دریں اثناء پرتگال اور گھانا برازیلیا میں مدِمقابل آئے اور یورپی ٹیم نے یہ میچ 2-1 گول سے جیتا۔ اس میچ کے آغاز میں ہی پرتگال کی برتری حاصل کرنے کی ایک کوشش اس وقت ناکام ہوئی جب میچ کے پانچویں منٹ میں کرسٹیانو رونالڈ کا عمدہ کراس گھانا کے گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگیا۔کچھ ہی دیر بعد رونالڈو ہی ایک کا خطرناک ہیڈر اور یقینی گول گھانا کے کیپر دودا نے روک لیا۔گھانا کے گول پر لگاتار حملوں کا صلہ پرتگال کی ٹیم کو اس وقت ملا جب 30ویں منٹ میں گھانا کے دفاعی کھلاڑی جان بویے نے اپنے ہی گول میں گیند ڈال کر پرتگال کو برتری دلوا دی۔پہلے ہاف کے اختتام تک یہ برتری قائم رہی تاہم دوسرے ہاف میں گھانا نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور آغاز سے ہی پرتگال کے گول پر لگاتار حملے کئے ۔