نئی دہلی ۔ /8 جون (سیاست ڈاٹ کام) سونیا گاندھی اور راہول گاندھی پرواضح تنقید میں سینئر لیڈر عبدالرحمن انتولے نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کی بدترین شکست کیلئے کانگریس ہائی کمان کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ پارٹی کی اس درگت کیلئے سونیا گاندھی ذمہ دار ہیں ۔ کانگریس ہائی کمان کی خرابیوں کے باعث آج ہم یہ دن دیکھنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ 85 سالہ سینئر لیڈر نے یہ بیان اس وقت دیا جب ان سے پوچھا گیا کہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی ارکان کی تعداد 206 سے گھٹ کر صرف 44 ہوجانے کون ذمہ دار ہیں تو انہوں نے ابتدا میں اشارتاً اور کنایتاً بتایا کہ کانگریس ہائی کمان ذمہ دار ہیں اور بعد ازاں وہ
اس ناکامی پر اپنی مایوسی اور ناراضگی کو پوشیدہ نہیں رکھ سکے ۔ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا نے جن کی 2 جن پتھ رہائش گاہ میں اندرا گاندھی نے کانگریس قائم کی تھی کہا کہ پارٹی ایسے دور سے گزررہی ہے کہ وہ لوک سبھا میں اپنے بل پر اپوزیشن کا موقف حاصل نہیں کرسکتی اور اسے قائد ایوان بھی بنانا مشکل ہوگیا ہے ۔ اندرا گاندھی کے قریبی عبدالرحمن انتولے نے قومی سطح پر اور اپنی آبائی ریاست مہاراشٹرا میں پارٹی کی بدترین شکست کے مسئلہ پر ابتدا میں اظہار خیال سے گریز کیا تاہم بعد ازاں میڈیا کے زور دینے پر کہا کہ پارٹی کو اپنا مقام حاصل کرنے سخت جدوجہد کرنی پڑیگی ۔ افسوس کی بات ہے کہ مہاراشٹرا میں 48 نشستوں کے منجملہ کانگریس کو صرف 2 لوک سبھا حلقوں سے کامیابی ملی ہے ۔