شکست پر پاکستان میں دیوالی: امیت شاہ

امیت شاہ کی انتخابات کو فرقہ پرست بنانے کی کوشش : جے ڈی یو
رکسول ؍ نئی دہلی ۔ 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہا کہ اگر بہار میں بی جے پی کو انتخابی شکست ہوجائے تو پاکستان میں دیوالی منائی جائے گی جبکہ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب جے ڈی (یو) نے امیت شاہ کے بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تبصرہ بہار انتخابات کو ’’فرقہ پرست رنگ دینے‘‘ کی بھگوا پارٹی کی کوشش ہے، جس نے اپنی شکست کا اندازہ کرلیا ہے۔ امیت شاہ نے مشرقی چمپارن ضلع میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بی جے پی بہار میں انتخابی شکست کھاتی ہے تو چاہے یہ اتفاقی کیوں نہ ہو پاکستان میں پٹاخے چھوڑے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ بی جے پی کی کامیابی کو یقینی بنائیں اور پاکستان کے عزائم کو ناکام بنائیں۔ جے ڈی (یو) نے ان کے بیان پر تنقید کرنے کے علاوہ فیصلہ کیا ہیکہ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے رجوع کرکے اس کے علاوہ دیگر متعلقہ مسائل کے بارے میں کل شکایت پیش کی جائے گی۔ عظیم سیکولر اتحاد بھی اس اقدام میں شامل رہے گا۔ صدر جے ڈی یو شرد یادو نے پی ٹی آئی سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان تبصروں کے ذریعہ امیت شاہ نے تسلیم کرلیا ہیکہ بی جے پی بہار میں انتخابی شکست کھا چکی ہے ۔ یہ سوشلسٹوں کا مستحکم گڑھ ہے لیکن بی جے پی اب پاکستان کے نام پر ہندو ووٹوں کو اپنی تائید میں مرتکب کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ بی جے پی انتخابی کامیابی کیلئے کسی بھی حد تک گر سکتی ہے۔